ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات کل جاری کی جائینگی،شاہد حسین، پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار ایک سو بہتر ارکان میں سے اب تک ایک ہزار چالیس کو نیشنل ٹیکس نمبر جاری کئے جاچکے ہیں،ترجمان ایف بی آر کا انٹرویو

ہفتہ 15 فروری 2014 07:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو شاہد حسین نے کہا ہے کہ ایف بی آرآج ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات پر مبنی فہرست جاری کردے گا۔ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے سر کاری ریڈیو کو ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار ایک سو بہتر ارکان میں سے اب تک ایک ہزار چالیس کو نیشنل ٹیکس نمبر جاری کئے جاچکے ہیں اور ان کے ٹیکس کی تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی ٹیکس ترغیبات سکیم کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ اس سکیم سے فروری کی اٹھائیس28 تاریخ تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔صنعتی شعبے میں سرمایہ لگانے والوں سے ان کے ذرائع آمدن کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا ٹیکس دہندگان کی فہرست میں ستر ہزار نئے افراد شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا معیشت کی شرح نمو پانچ فیصد ہوگئی ہے اور افراط زر کو نو 9 فیصد کی شرح تک نیچے لایا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :