فیصل بنک قومی ٹی20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ،فیصل آباد وولوز اور ایبٹ آباد فالکن نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ،سیمی فائنلز آج کھیلے جائینگے

ہفتہ 15 فروری 2014 07:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)فیصل بنک قومی ٹی20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیصل آباد وولوز اور ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فیصل آباد وولوز اور لاڑکانہ بلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے تیسرے کوارٹر فائنل میں فیصل آباد وولوز کی ٹیم نے 33رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

قبل ازیں لاڑکانہ بلز کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیصل آباد وولوز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔فیصل آباد وولوزکی ٹیم مقررہ20اوورز میں121رنز بناکر آوٹ ہو گئی، خرم شہزاد نے38رنز،عمران خالد نے 18رنز بنائے جبکہ مصباح الحق16رنز بنا سکے۔ لاڑکانہ بلز کی طرف سے محمد صدیق نے25رنز کے عوض3اور امتیاز علی نے 24رنز کے عوض2وکٹیں حاصل کیں جبکہ 4کھلاڑی رن آوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ بلزکے کھلاڑی 4کیچ لینے میں ناکام رہے۔جواب میں لاڑکانہ بلزکی ٹیم رنز 18.5اوورزمیں 88رنز بناکر آوٹ ہو گئی،ایاز جمالی نے 34رنزبنائے۔فیصل آباد وولوز کی طرف سے سعید اجمل نے14رنز کے عوض4جبکہ اسد علی اور احسان عادل نے بالترتیب3اور16رنز کے عوض2,2وکٹیں حاصل کیں۔فیصل آباد وولوز کے اسد علی کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔

کراچی زیبراز اور ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے چوتھے کوارٹر فائنل میں ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم نے 4وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔قبل ازیں کراچی زیبراز کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی زیبراز نے مقررہ20اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر129 رنز بنائے،حسن رضانے47رنز اورفیصل اقبال نے43رنز بنائے۔

ایبٹ آباد فالکنز کی طرف سے جنید خان نے17رنز کے عوض3جبکہ خالد عثمان اور احمد جمال نے بالترتیب19اور28رنز کے عوض ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم نے مطلوبہ حدف19.1اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،یونس خان نے 35گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 55رنز اور حماد علی نے 20رنز بنائے۔کراچی زیبراز کی طرف سے طارق ہارون نے 14رنز کے عوض3جبکہ اکبر الرحمن نے 21رنز کے عوض2وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد فالکنز کے یونس خان کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔فیصل بنک قومی ٹی20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز آج15فروری بروز ہفتہ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائینگے۔پہلا سیمی فائنل اسلام آباد لیئپرڈز اور لاہور لائینز کی ٹیموں کے درمیان دوپہر12بجے جبکہ دوسرا سیمی فائنل فیصل آباد وولوزاورایبٹ آباد فالکنز کی ٹیموں کے درمیان سہ پہر4بجے کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :