تعمیراتی ٹھیکوں میں ڈیڑھ ارب روپے کے کاموں میں کمیشن حاصل کرنے والے ممبران اسمبلی پریشان،بعض ممبران قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنا اثرورسوخ ایوان بالا تک استعمال کرنا شروع کردیا،وزیراعلیٰ پنجاب صورتحال سے پریشان،معاملات کو سلجھانے کیلئے حمزہ شہباز مختصر دورے پر فیصل آباد پہنچ گئے،چوہدری شیر علی سابق ایم این اے اور عابد شیر علی وفاقی وزیر پانی وبجلی سے بند کمرے میں ملاقات، معاملے کو انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے تک فریقین کو خاموش رہنے کی اپیل

ہفتہ 15 فروری 2014 07:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)تعمیراتی ٹھیکوں میں ڈیڑھ ارب روپے کے کاموں میں کمیشن حاصل کرنے والے ممبران اسمبلی پریشان،بعض ممبران قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنا اثرورسوخ ایوان بالا تک استعمال کرنا شروع کردیا،وزیراعلیٰ پنجاب صورتحال سے پریشان،معاملات کو سلجھانے کیلئے حمزہ شہباز مختصر دورے پر فیصل آباد پہنچ گئے،چوہدری شیر علی سابق ایم این اے اور عابد شیر علی وفاقی وزیر پانی وبجلی سے بند کمرے میں ملاقات کی اور معاملے کو انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے تک فریقین کو خاموش رہنے کی اپیل کی،اس موقع پر عابد شیر علی وفاقی وزیر پانی وبجلی اور ان کے والد چوہدری شیر علی سابق ایم این اے نے حمزہ شہباز پر واضح کردیا کہ ڈیڑھ ارب روپے کے تعمیراتی کاموں میں کمیشن کھانے والے ممبران اسمبلی اور ان کے سرپرستی کرنے والے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کے جو بھی افسران اس کرپشن میں ملوث ہیں انہیں کڑی سزا دلوائی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ممبر صوبائی اسمبلی مسلم لیگ(ن) میاں طاہر جمیل نے فیصل آباد انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے مختلف تعمیراتی کاموں میں کروڑوں روپے کمیشن کے نام پر رشوت کھانے والے اپنی ہی جماعت کے ممبران اسمبلی اور اس میں ملوث افسران کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو آگاہ کیا تھا،چنانچہ وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کو فوری روکتے ہوئے ان کامو ں کی تعمیرات کے بقایا کام کا ٹھیکہ این ایل سی کے سپرد کردیا اور ساتھ ہی تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی صوبائی سیکرٹری تعمیرات کی نگرانی میں قائم کی،اس کمیٹی نے مزید سب کمیٹی قائم کی جس میں ڈی سی او گوجرانوالہ اور ٹیکنیکل ممبر چیف محکمہ تعمیرات چوہدری محمد اکبر کو ریکارڈ وغیرہ چیک کرکے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی،چنانچہ سب کمیٹی کے ان اراکین نے 17فروری کو فیصل آباد پہنچنا تھا مگر مسلم لیگ(ن) کے دھڑے بندیوں کے خوف سے کمیٹی نے اپنا دورہ فیصل آباد ملتوی کرکے تعمیراتی کاموں کا تمام ریکارڈ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے سربراہ نورالامین مینگل،محکمہ ورک اور محکمہ فنانس سے لاہور میں طلب کرلیا،سب کمیٹی ان تعمیراتی کاموں سے متعلقہ تمام ریکارڈ کی چھان بین کرنے کے بعد اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرے گی اور جہاں ضروری سمجھے گی کہ یہاں کاموں میں کرپشن ہوئی ہے وہاں کا معائنہ بھی کرے گی،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی ممبران اسمبلی کرپشن میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس کرپشن میں جو ممبران اسمبلی ملوث پائے جارہے ہیں ان کا تعلق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گروپ سے بتایا جاتا ہے،مگر اس تمام واقعہ سے مسلم لیگ(ن) کو دھچکہ لگنے کا اندیشہ ہے،چنانچہ تمام صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اور ایک دوسرے پر الزامات کی سیاست ختم کرنے کیلئے حمزہ شہباز شریف آج عابد شیر علی اور ان کے والد چوہدری شیر علی سے ملنے کیلئے فیصل آباد پہنچے تاکہ معاملہ کو مزید روکا جاسکے،کیونکہ اس سے حکومت کی بدنامی کے ساتھ ساتھ عوام کی نظروں میں پارٹی کا وقار مجروح ہونے کا اندیشہ ہے۔