انجلینا جولی کا لبنان میں شامی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ ،شامی پناہ گزینوں سے ملاقات کی

منگل 25 فروری 2014 07:32

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)ہالی ووڈ کی سپر سٹار انجلینا جولی نے لبنان میں شامی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے لبنان کے صوبہ بیکا میں قائم کیمپوں کا دورہ اقوام متحدہ کی مہاجرین کیلیے ہائی کمشنر ہونے کے ناطے کیا ہے۔تاہم اس دورے کے دوران پاپا رازیوں سے بچی رہی ہیں۔ جولی کے اس دورے کی میڈیا کوریج مشکل سے ہی ہوئی ہے۔

اس کی ایک وجہ سکیورٹی کی صورت حال بتائی گئی ہے۔ اس لئے ان کے دورے کے انتظامات پر مامور ذمہ داروں نے میڈیا کوریج نہ ہونے دی۔

(جاری ہے)

انجلینا جولی کے لبنان میں ترجمان جوئلے عید نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ جولی شامی خاندانوں سے ملاقات کریں گی لیکن پریس کانفرنس نہیں کریں گی۔ جولی نے اپنے دورے کے دوران مقامی کلچر کے مطابق سکارف اوڑھ رکھا تھا۔انجلینا جولی یو این سی ایح آر کو 2012 میں خیر سگالی کی سفیر کا درجہ دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے ہالی ووڈ کی یہ سپر سٹار اردن، کے زتاری کیمپ کا بھی دورہ کر چکی ہیں۔ اس کیمپ میں ایک لاکھ پچاسی ہزار پناہ گزین ہیں مقیم ہیں۔واضح رہے انجلینا جولی ہفتے کے روز لبنان پہنچی تھیں۔ بیکا ریجن کے قصبے زالہے میں مقیم رہیں۔ یہ علاقہ شامی سرحد سے متصل ہے۔ اس علاقے میں تین لاکھ شامی مہاجرین پناہ گزین ہیں.