ایشیاء کپ کیلئے آج بنگلہ دیش میں میدان سجے گا،افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور سری لنکا آج مدمقابل ہوں گے‘ پاکستان ایونٹ کا انتہائی اہم میچ بھارت کیخلاف کھیلے گا‘ فائنل معرکہ 8 مارچ کو میرپور میں ہوگا

منگل 25 فروری 2014 07:24

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء) ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام بارہواں ایشیاء کپ (آج) منگل سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا‘ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں فتح اللہ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی‘ بنگلہ دیش میں ہونے والے اس ایونٹ میں پاکستان‘ بھارت‘ سری لنکا‘ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کے میچز میرپور اور فتح اللہ میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا دوسرا میچ 26 میچ میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان فتح اللہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 27 فروری کو افغانستان سے فتح اللہ میں کھیلے گی۔

(جاری ہے)

28 فروری کو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں فتح اللہ میں مدمقابل ہوں گی۔

یکم مارچ کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ فتح اللہ میں ہوگا۔ ایونٹ کا انتہائی سنسنی خیز دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 2 مارچ کو شیر بنگال نیشنل سٹیڈیم میرپور میں ہوگا۔ 3 مارچ کو افغانستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی میرپور میں ہی کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا آخری میچ 4 مارچ کو میزبان بنگلہ دیش کیخلاف میرپور میں کھیلے گی۔ 5 مارچ کو بھارت اور افغانستان کے درمیان میرپور میں میچ ہوگا۔ 6 مارچ کو ایونٹ کا آخری میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میرپور میں ہوگا۔ ٹاپ پوزیشن کی دو ٹیموں کے درمیان 8 مارچ کو فائنل میرپور میں کھیلا جائے گا۔