وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا،قومی سلامتی پالیسی کی منظوری متوقع،طالبان سے مذاکرات اور آپریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، ذرائع

منگل 25 فروری 2014 07:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ( منگل کو ) وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا جس میں ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری متوقع ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم طالبان سے مذاکراتی عمل اور مستقبل کے لئے حکومتی حکمت عملی پر کابینہ کو ا عتماد میں لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی پالیسی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی وزیر داخلہ چوہدری نثار کابینہ کو ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے بریفنگ دینگے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے کابینہ کو طالبان سے مذاکراتی عمل کے ذریعے ملک میں امن لانے کے حوالے سے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کے بارے میں بتایا جائیگا ۔

(جاری ہے)

کابینہ کو بتایا جائیگا کہ طالبان نے حکومت کی طرف سے امن کو موقع دیئے جانے کے باوجود اپنی منفی کارروائیوں سے اسے ناکام بنا دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عسکری قیادت کی طرف سے پیش کردہ حکمت عملی بارے بھی کابینہ کو آگاہ کرینگے کابینہ میں آپریشن کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کابینہ کو سعودی ولی عہد سمیت اعلیٰ سعودی شخصیات کے پاکستان کے حالیہ دورہ اور ان سے ہونیوالی علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بات چیت پر بھی کابینہ کو اعتماد میں لینگے ۔

متعلقہ عنوان :