زمبابوے، سابق امریکی کانگریس رکن ملون رینولڈز کو ویزا ختم ہونے پر ملک بدر کر دیا گیا

منگل 25 فروری 2014 07:33

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء )امریکی کانگریس کے سابق رکن ملون رینولڈز کو ویزا ختم ہونے پر ملک میں قیام کا مجرم قرار دینے کے دو روز بعد زمبابوے سے ملک بدر کیا گیا،یہ بات پیر کو ان کے وکیل نے بتائی۔ وکیل آرترگوریرا نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں گزشتہ روز(اتوار کو) دوپہر ملک بدر کیا گیا،وہ مزید ملک میں نہیں رہ سکتے۔ الینائس سے سابق کانگریس رکن 62سالہ رینولڈزکوزمبابوے کا ویزہ ختم ہونے کے بعد قیام پر جمعہ کے روز مجرم قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے انہیں پانچ روز جیل کاٹنے کی سزا یا 100ڈالر جرمانہ ادا کرنے کے بعد جنوبی افریقی ملک سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے جرمانہ کی ادائیگی کا انتخاب کیا اور انہیں اپنے ملک بھیج دیا گیا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے رینولڈز کے خلاف فحاشی کے الزامات ثابت کرنے میں ناکامی کے بعد یہ الزام مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

ان کیخلاف الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے آئی فون 4Sموبائل فون میں برہنہ خواتین اور مردوں کے جنسی تعلقات پر مشتمل ویڈیوز اور تصاویر محفوظ رکھے ہیں۔

رینالڈز ایک دفعہ امریکی سیاست میں ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر دیکھا گیا تھا،جس نے زنا بالجبر کے مجرم قرار دئیے جانے کے بعد 1995ء میں بے توقیری کے باعث کانگریس سے استعفیٰ دیا تھا۔بعد میں وہ بینک فراڈ کا مجرم قرار دیا گیا اور پھر صدر بل کلنٹن کی جانب سے معافی ملنے سے قبل جیل کی سزا کاٹی تھی۔