کراچی،بدامنی کا سلسلہ نہ تھم سکا ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید 6افرادجان سے گئے

منگل 25 فروری 2014 07:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)کراچی میں بدامنی کا سلسلہ نہ تھم سکا ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پیر کو بھی 6افرادجان سے گئے۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص قتل کردیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کوسرورکے نام سے شناخت کیا گیا۔

جبکہ اورنگی ٹاون چشتی نگرمیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شاہد نامی شخص کو قتل کردیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔عزیز بھٹی تھانے کی حدودگلشن اقبال میں حسن اسکوائر کے قریب کارسوارنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے مالک اور ملازم کو نشانہ بنایا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ملازم فیروز زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسا۔

(جاری ہے)

ملیر بکرا پیڑی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پاک کالونی پرانا گولیمار ریکسر کے پل کے نیچے سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کوتشدد کرنے کے بعد گولیاں مارکر قتل کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :