پی سی وائٹس نے ایک نمائشی میچ میں ڈپلومیٹس بلیوز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2رنز سے ہرا دیا،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے28رنز بنائے، اس قسم کی تقریبات سے پاکستان کا نرم تشخص دنیا میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،سفارتکار، پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا،چوہدری نثار علی خان

منگل 25 فروری 2014 07:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)پی سی وائٹس نے ایک نمائشی میچ میں ڈپلومیٹس بلیوز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2رنز سے ہرا دیا،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے28رنز بنائے،جس میں 4چوکے بھی شامل تھے،دونوں ٹیمیوں کے درمیان اس نمائشی میچ کا اہتمام ڈپلومیٹک کرکٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئرمین نجم سیٹھی نے مشترکہ طور پر کیا تھا،سفارتکاروں کی ٹیم کی قیادت آسٹریلوی ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ نے کی،پی سی بی کی ٹیم میں عمراکمل،وہاب ریاض،سہیل تنویر،عبدالقادر،اظہر علی،سرفراز نواز،انتخاب عالم اور اعجاز احمد شامل تھے،وزیرداخلہ نے میچ کے انعقاد پر آسٹریلیا،یورپی یونین کے سفیروں اور روٹس میلینےئم سکولز کا شکریہ ادا کیا،میچ کے اختتام پر بات چیت کرتے ہوئے چےئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے وفاقی وزیر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چوہدری نثار علی خان کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے چےئرمین کے عہدے کیلئے بھی انہوں نے ہی مجھے قائل کیا تھا،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سفارتکاروں نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات سے پاکستان کا نرم تشخص دنیا میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،سیدپور کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے اس میچ کو درجنوں سفارتکاروں ،ان کے اہلخانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے دیکھا،اس موقع پر سیکورٹی کیلئے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا،حکومت اس کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق طالبان بھی پاکستان کے کرکٹ میچ دیکھتے رہتے ہیں،ہماری خواہش ہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں اور کرکٹ کے میدان میں ہی ہمارا مقابلہ کریں۔