سینٹ کی اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس،ارکان پیپلز پارٹی پر برس پڑے ،پیپلز پارٹی اپنی پوزیشن واضح کرے کیا اس نے حکومت سے مک مکا کر لیا ہے؟،پیپلز پارٹی کسی بھی اہم مسئلے پر احتجاج نہیں کرتی ،چیئرمین کا رویہ بھی انتہائی نا مناسب ہے،پی پی ارکان خود نہیں بولتے اور ہمیں بھی روک رکھا ہے،یہ رویہ جاری رہا تو دیگر اپوزیشن جماعتیں اپنا لائحہ عمل اختیار کریں گی،کامل علی آغا،سینیٹر کلثوم پرویز ،حاجی عدیل

منگل 25 فروری 2014 07:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)سینٹ کی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں دیگر جماعتوں کے ارکان سینٹ پاکستان پیپلز پارٹی پر برس پڑے اور مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی اپنی پوزیشن واضح کرے کہ کیا اس نے حکومت سے مک مکا کرلیا ہے جو وہ کسی بھی اہم مسئلے پر احتجاج نہیں کرتی اور چیئرمین کا رویہ بھی انتہائی نامناسب ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی صدارت میں ہوا جس میں اے این پی ،مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان سینٹ بھی شریک ہوئے ۔

اجلاس کے دوران سینیٹر کامل علی آغاز،سینیٹر کلثوم پروین اور سینیٹر حاجی عدیل اعتزاز احسن پر برس پڑے ۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین کارویہ اپوزیشن ارکان سے انتہائی نامناسب ہے ۔

(جاری ہے)

سینٹ میں اپوزیشن مضبوط ہے مگر وہ وزیر اعظم کے ایوان میں نہ آنے اور مہنگائی وغیرہ جیسے بڑے امور پر کوئی احتجاج نہیں کرتی ۔کیا پیپلز پارٹی نے حکومت سے مک مکا کر لیا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی مناسب کردار ادا کرے تو صورت حال بہتر ہو سکتی ہے لیکن حالت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان خود نہیں بولتے اور ہمیں بھی روک رکھا ہے۔ہماری تجاویز پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جاتا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کا یہی رویہ رہا تو دیگر اپوزیشن جماعتیں اپنا لائحہ عمل اختیار کرنے پرمجبورہوں گی۔