روسی فوجیں تیار رہیں، صدر پوٹن کا حکم

جمعرات 27 فروری 2014 06:48

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئگو نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے مسلح افواج کو چوکس رکھنے کے لیے فوری معائنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی اور وسطی عسکری اضلاع میں موجود روسی افواج کی جنگی قابلیت جانچنے کے لیے انسپیکشن کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شوئگْوکے مطابق کمانڈر اِن چیف پوٹن نے ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے بحرانوں کے تناظر میں فوج کی صلاحیتوں کے معائنے کا حکم دیا ہے۔

روس کے مغربی اضلاع کی سرحد یوکرائن کے ساتھ ملتی ہے۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرائن میں اپنے اتحادی وکٹر یانوکووچ سے اقتدار چھِن جانے کے بعد سے ماسکو حکومت کا یہ سخت ترین بیان ہے جو ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوکرائن کے جزیرہ نما علاقے کریمیا میں حکومت کے مخالف اور حکومت نواز دونوں گروپ ہی مظاہرے کر رہے ہیں۔