رینٹل پاور کیس‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا،نیب گواہ پر جرح مکمل‘ سماعت 7 مارچ تک ملتوی‘ عدالت نے بلایا تو حاضر ہوں گے‘ فاروق ایچ نائیک

جمعرات 27 فروری 2014 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء) رینٹل پاور کیس‘ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حاضری سے مکمل طور پر استثنیٰ دے دیا تاہم ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ عدالت نے جب بھی بلایا وہ حاضر ہوجائیں گے‘ رینٹل پاور کیس کی سماعت بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور امجد اقبال عدالت میں پیش ہوئےّ سماعت کے دوران نیب کے گواہ یوسف جوئیہ پر جرح مکمل کی گئی جس کے بعد کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ بعدازاں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گواہ نے اعتراف کیا کہ ٹیرف سے وزارت پانی وبجلی کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ ٹیرف کا تعین نیپرا کرتی ہے۔