بھارت، آبدوز میں آتشزدگی کا واقعہ ، بحریہ کے سربراہ مستعفی ہوگئے ،ایڈمرل جوشی نے حادثات کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دیا،حکام

جمعرات 27 فروری 2014 06:46

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)بھارت کے شہر ممبئی میں ایک آبدوز میں آتشزدگی سے دو اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈی کے جوشی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔وزارت دفاع نے ایڈمرل جوشی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے اور کہا ہے کہ نئے سربراہ کی تقرری تک وائس ایڈمرل رابن دھون قائم مقام سربراہ ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی کے جوشی نے گزشتہ کچھ مہینوں میں پیش آنے والے حادثوں کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے۔

آبدوز میں آتشزدگی کا واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا تھا جب آئی این ایس سندھو رتنا نامی آبدوز کے سمندر میں ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔بھارتی حکام کے مطابق اچانک اس کے آٹومیٹک ہیچز سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

دھویں کے نتیجے میں بھارتی بحریہ کے دو ملاح لاپتہ جب کہ سات بے ہوش ہوگئے تھے۔یہ گذشتہ چند ماہ میں بھارتی بحریہ کے جنگی جہازوں اور آبدوزوں کو پیش آنے والے حادثات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال ممبئی میں ایک بھارتی آبدوز میں دو دھماکوں اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کے بعد آبدوز ڈوبنے سے 18 ملاح ہلاک ہو گئے تھے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق آئی این ایس سندھو رکھشک نامی آبدوز پر موجود ہتھیاروں نے اس کے ڈوبنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ حادثہ گذشتہ کئی برسوں میں بھارتی کے بدترین حادثات میں سے ایک تھا۔گذشتہ سال ممبئی میں ایک بھارتی آبدوز میں دو دھماکوں اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کے بعد آبدوز ڈوبنے سے 18 ملاح ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارتی آبدوز کے اس تازہ حادثے میں ابتدائی تفتیش کے مطابق آئی این ایس سندھو رتنا پر کسی قسم کا گولہ بارود نہیں تھا۔آبدوز ممبئی کے ساحل پر معمول کی تربیت پر تھی کہ اس میں سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا۔ بھارتی بحریہ کے ترجمان کمانڈر راہل سنہا نے این ڈی ٹی وی نیوز چینل کو بتایا کہ ایسے واقعات کو کم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بے ہوش ہونے والے ملاحوں کا علاج کر رہی ہے۔

کمانڈر راہل سنہا کے مطابق آبدوز آئی این ایس سندھو رتنا کی مدد کے لیے اس کے ارد گرد نیوی کے جہاز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ روسی ساختہ آئی این ایس کلو کلاس کو حال ہی میں مرمت کیا گیا تھا۔ابتدائی تفیش کے مطابق آئی این ایس سندھو رتنا آبدوز کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا اور اسے بندرگاہ واپس بھیجا جا رہا ہے۔خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایک سینئیر افسر کی نگرانی میں حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ ماہ آئی این ایس سندھوگوش نامی ایک اور آبدوز ممبئی کی بندرگاہ آتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔اس کے علاوہ فروری سنہ 2010 میں سندھو رکھشک ہی کی بیٹری میں آگ لگ گئی تھی جس سے ایک بحری فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :