پی سی بی نے سابق کپتان او رمایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا ،یکم اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ، اینٹی کرپشن کے معاملات سے نمٹنے کیلئے لیکچر بھی دینگے ، پی سی بی ، 2015ء تک چیف سلیکٹر بنا ہوں ، چیئرمین پی سی بی نے تمام اختیارات دے دیئے ہیں ،جو کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا وہی ٹیم میں کھیلے گا ، تمام فارمیٹس کی ٹیم مشاورت سے تشکیل دی جائے گی ، معین خان کے ساتھ مل کر پاکستان کا سنہرہ دور واپس لائینگے ، اس وقت تین کھلاڑیوں میں وکٹ کیپنگ کی دوڑ جاری ہے، راشد لطیف

جمعرات 27 فروری 2014 06:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف کو کرکٹ بورڈ کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا ہے ۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راشد لطیف کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا ہے اوروہ یکم اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ راشد لطیف اینٹی کرپشن کے معاملات سے نمٹنے کے لیے لیکچر بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ راشد لطیف 37 ٹیسٹ اور 166 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ راشد لطیف افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی ادا کرچکے ہیں۔ چیف سلیکٹر مقرر ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ 2015ء کے ورلڈ کپ تک چیف سلیکٹر بنا ہوں ماضی میں کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے مگر اب چیئرمین پی سی بی نے مکمل اختیارات دیئے ہیں جو کھلاڑی کارکردگی دکھائینگے وہی ٹیم میں کھیلے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر بننا بہت بڑی ذمہ داری ہے اب تمام فیصلے میرٹ پر کرینگے تمام فارمیٹس کیلئے ٹیم سب کی مشاورت سے تشکیل دینگے ایسی ٹیم ہوگی جو چوکس ہوکر گراؤنڈ پر جا کر میچ جیت سکے ۔ پوری دیانتداری سے کام کرینگے اور ہدف حاصل کرینگے ۔ راشد لطیف نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ناراضگی علیحدہ معاملہ ہے جو پرفارمنس دے گا وہی کھیلے گا ہیڈ کوچ معین خان کے ساتھ مل کر پاکستان کا پرانا سنہر ی دور واپس لائیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ اس وقت کامران اکمل ، ذوالقرنین حیدر اور عدنان اکمل کے درمیان مقابلہ ہے جو کیپر اچھا پرفارم کرے گا وہی سلیکٹ ہوگا ۔ کامران اکمل اور سرفراز اچھا پرفارم کررہے ہیں ۔ راشد لطیف کے چیف سلیکٹر بننے پر سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ راشد لطیف کو چیف سلیکٹر بنانا پی سی بی کا بہترین فیصلہ ہے راشد لطیف کو کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے ڈومیسٹک کا بھی وہ خاصا تجربہ رکھتے ہیں امید ہے میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے وہی کھلاڑی سلیکٹ کرینگے جو ٹیم کے معیار پر پورا اتر کر پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوں گے ۔ ڈومیسٹک سے بھی اچھے لڑکے اب اوپر آئینگے ۔