مصر،نئی کابینہ میں عبدالفتاح سیسی بدستوروزیردفاع رہیں گے،مستعفی وزراء محمد ابراہیم ،شریف اسماعیل اور اشرف العربی کو برقرار رکھنے کا اعلان

جمعرات 27 فروری 2014 06:47

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)مصرکے آرمی چیف فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نئی حکومت میں بھی بدستور وزیردفاع کے منصب پر فائز رہیں گے۔مصر کے ایک سرکاری ذریعے نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ ''وہ (سیسی) انتخابی قوانین سے متعلق تمام ایشوز طے ہونے تک اپنے عہدے (وزیردفاع) پر کام کرتے رہیں گے''۔فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے بارے میں یہ توقع کی جارہی ہے کہ وہ بہت جلد صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کردیں گے۔

انھوں نے اگر صدارتی انتخاب لڑا تو ان کی کامیابی یقینی نظر آرہی ہے۔تاہم انھیں اس سے قبل وزیردفاع کا منصب چھوڑنا ہوگا۔مصر کے نامزد وزیراعظم ابراہیم محلب نے سبکدوش ہونے والی کابینہ میں سے تین وزراء کو اپنی نئی حکومت میں شامل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے وزیرداخلہ محمد ابراہیم ،وزیرتیل شریف اسماعیل اور وزیرمنصوبہ بندی اشرف العربی کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن انھوں نے وزیردفاع فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے حازم الببلاوی کی کابینہ کے اچانک استعفے کے بعد منگل کو سبکدوش وزیرمکانات ابراہیم محلب کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔انھوں نے اپنی نامزدگی کے فوری بعد نیوزکانفرنس میں کہا تھا کہ وہ تین سے چار روز میں اپنی کابینہ تشکیل دے لیں گے اوران کی کابینہ کے ارکان مصری عوام کی خدمت مجاہد کے طور پر انجام دیں گے۔

ملک میں امن وامان کی بحالی ان کی کابینہ کی اولین ترجیح ہوگی اور ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ابراہیم محلب کو جولائی 2013ء میں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد تشکیل پانے والی عبوری کابینہ میں وزیرمکانات بنایا گیا تھا اور وہ سابق مطلق العنان صدر حسنی مبارک کی کالعدم جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق عہدے دار بھی رہے تھے۔وہ پیشے کے اعتبار سے سول انجینیر ہیں اور وہ مصر کی سب سے بڑی سول انجینیرنگ فرم عرب کنٹریکٹرز کمپنی کے چئیرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز رہ چکے ہیں۔وہ انگریزی اور فرانسیسی زبانیں روانی سے بول سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :