حج کرپشن کیس، خصوصی عدالت سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ 12مارچ کو دے گی ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوگئے

جمعرات 27 فروری 2014 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)حج کرپشن کیس میں خصوصی عدالت سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ 12مارچ کو کرے گی جبکہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوگئے جبکہ ایف آئی اے کی تحقیقات میں بتایاگیاہے کہ سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کے اکاوٴنٹ میں بیرون ملک سے رقم منتقل ہوئی۔

سابق ڈی جی حج راوٴ شکیل کی غیر قانونی تقرری کے الزام میں سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کیخلاف انکوائری مکمل ہو چکی ہے بدھ کے روزحج کرپشن کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ارم نیازی نے کی ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں پچاس سے زائد گواہوں کی شہادتیں قلمبند ہو چکی ہیں۔

صرف چھ گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنا باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی حج راوٴ شکیل کی غیر قانونی تقرری کے الزام میں سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کیخلاف انکوائری مکمل ہو چکی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے خالد قریشی نے رپورٹ میں سابق سیکرٹری کو بے گناہ قرار دیا ہے۔ پراسیکیوٹر نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج کرپشن اور راوٴ شکیل کی تقرری الگ الگ مقدمات ہیں۔

چودھری اظہر نے کہا کہ حج کرپشن کیس کا مکمل چالان عدالت میں پیش ہو چکا ہے جبکہ راوٴ شکیل کی غیر قانونی تقرری کیخلاف تین عبوری چالان بھی پیش کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کے اکاوٴنٹ میں بیرون ملک سے رقم منتقل ہوئی۔ اس موقع پر حامد سعید کاظمی نے کہا کہ بیرون ملک سے میرے اکاوٴنٹ میں رقم منتقل نہیں ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ تاریخ کو سنایا جائے گا ، حج کرپشن کیس کی سماعت بارہ مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :