پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں نے پہلے ہی روز ،9 نئے گینز ریکارڈز بنا کرعالمی افق میں فتح وکامرانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی

جمعرات 27 فروری 2014 06:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں نے پہلے ہی روز 9 نئے گینز ریکارڈز بنا کرعالمی افق میں فتح وکامرانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔کیپٹن ارباب 2 نئے عالمی ریکارڈز بناکر پہلے دن کے ہیرو قرار پائے۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انوراور گینز ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب جمنیزیم ہال میں پہلا ریکارڈ پاکستان آرمی کے کیپٹن ارباب نے 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں ایک ہاتھ پر 62 پش اپس لگاکر قائم کیا ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ برطانوی شہری کے پاس تھا جس نے 40 پونڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں ایک ہاتھ پر 31 پش اپس لگائے تھے۔

(جاری ہے)

دوسرے ریکارڈ میں پاکستان کے7 افراد نے ایک ساتھ 46 سیکنڈ تک سینڈوچ کی شکل میں بنے کیل کے بستر پر لیٹ کر نیا ریکارڈ قائم کیا ۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے 5 افراد نے بنایا تھا۔ نیا ریکارڈ بنا کر دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی کو چار چاند لگانے والوں میں تاج محمد ، مجتبی سن، معراج حسین، نعمان ، حسن ، ارسلان اور اثمر شامل تھے۔ تیسرا ریکارڈ محمد راشد نے قائم کیا جنہوں نے ایک منٹ میں 155 اخروٹ توڑ کر امریکہ کا ریکارڈ توڑا اس سے قبل یہ ریکارڈبھارتی شہری کے پاس تھا جس نے ایک منٹ میں 44 اخروٹ توڑے تھے۔

فرحان ایوب نے ایک منٹ میں 38کپ اپس لگا کر برطانیہ کا 22 کپ اپس کا ریکارڈ توڑ ا۔ ایک منٹ میں الٹے ہاتھوں سے پش اپس لگانے کا ریکارڈ کیپٹن ارباب کے نام رہا جنہوں نے قطر کے شہری کا 132 پش اپس کا ریکارڈ 166 پش اپس لگاکر توڑ دیا۔ ندیم عباس نے 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ الٹے ہاتھوں پر 70پش اپ لگا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا اس سے قبل یہ ریکارڈ 51 پش اپس کے ساتھ امریکہ کے پاس تھا۔

مجتبیٰ حسن نے نن چاقو کے ساتھ ایک منٹ میں 107 اخروٹ توڑ کردنیا شائقین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ اس پاکستانی نوجوان نے کمال مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کا 49 اخروٹ توڑنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔علی حیدر نے الٹے ہاتھوں پر 60 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 52 پش اپس لگاکر نیا ریکارڈ قائم کیا اس سے قبل یہ ریکارڈ 38 پش اپس کا تھا۔ نویں ریکارڈ میں ظفر اقبال نے ایک منٹ میں 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 100 پش اپس لگائیں اس سے پہلے یہ ریکارڈ73 پش اپس کے ساتھ لبنان کے پاس تھا۔عالمی سطح پر ریکارڈ بنانے کا سلسلہ آج بھی جاری رہیگا۔ گزشتہ روز بھی جمعرات کو بھی نوجوان گینز بک آف دی ورلڈ میں نام درج کروا کر دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :