ویرات کوہلی کی کپتانی میں شاندار اننگز، بھارت نے بنگلہ دیش کو 6وکٹوں سے شکست دیدی،بنگالی کپتان کی سنچری رائیگاں ، محمد شامی کی 4وکٹیں ، ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار ، ایشیا کپ میں آج پاکستان اپنا دوسرا میچ افغانستان کے ساتھ کھیلے گا

جمعرات 27 فروری 2014 06:39

فتح اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء) ویرات کوہلی کی کپتانی میں شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے ایشیاء کپ کے دوسرے ایک روزہ انٹر نیشنل میچ میں بنگلہ دیش کو 6وکٹوں سے شکست دیدی ،بنگالی کپتان مشفیق الرحیم کی سنچری رائیگاں، کوہلی کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ دیا گیا ، ایشیا کپ میں آج ( جمعرات کو )پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کھیلا جائے گا ۔

ایشیا کپ کے بدھ کو دوسرے میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 279 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آوٹ ہوئے ۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشفیق الرحیم نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 117رنز بنائے جبکہ انعام الحق نے 77رنز بنائے ۔

(جاری ہے)

بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

280رنز کے تعاقب میں بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو 54رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی نے اجینکیا ریہانے کے ساتھ ملکر شاندار پارٹنر شپ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح یاب کرانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 19ویں سنچری بنائی وہ 136رنز بنا کر آؤٹ ہوئے رائنے نے 73رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ بھارت نے مطلوبہ ہدف 49ویں اورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ ویرات کوہلی کو شاندار سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ ایشیا کپ میں آج پاکستان اپنا دوسرا میچ افغانستان کے ساتھ کھیلے گا ۔