شنگھائی میں ایشیا سکیورٹی سمٹ کا آغاز ہوگیا ،چینی صدر نے ایشیا سکیورٹی سربراہی اجلاس کا افتتاح کیا،علاقائی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مضبوط تر اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے، صدر شی جی پنگ

جمعرات 22 مئی 2014 07:25

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)چین کے صدر شی جی پنگ نے بْدھ کو شنگھائی میں ایشیا سکیورٹی سربراہی اجلاس کا افتتاح کردیا، چینی سربراہ مملکت نے علاقائی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مضبوط تر اتحاد اور تعاون پر زور دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر سلامتی کے تصور میں جدت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شی نے ایک نئے علاقائی تعاون اور اتحاد کی تشکیل کی بات کی اور ایسی پالیسی وضح کرنے پر زور دیا جو تنازعات اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات کا طریقہ کار بروئے کار لائے۔ چینی صدر نے مزید کہا ہے کہ استحکام برقرار رکھتے ہوئے ہی ایشیا بین الاقوامی تعلقات کی ضمن میں جمہوریت اور ایک کثیر القطبی دنیا کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ چینی صدر نے امریکا کو درپردہ ایک دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ممالک کو ایشیا میں عسکری اتحاد بنانے سے اجتناب برتنا چاہیے۔