رونالڈو اور پرتگال کا ورلڈکپ کا خواب

جمعرات 22 مئی 2014 03:46

پرتگال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)فٹبال ماہرین نے پرتگال کی جیت کے امکانات کو ذیادہ ہوا نہیں دی ہے کہتے ہیں کہ بچوں کی زندگی میں اساتذہ بہت اہم کرداد ادا کرتے ہیں لیکن بعض اوقات کچھ ایسے استاد ہوتے ہیں جو بچوں کو کسی مخصوص بات یا واقعے کی وجہ سے یاد رہ جاتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ آج سے بیس سال پہلے پرتگال کے مڈیرہ نامی جزیرے کے ایک چھوٹے سے سکول میں پیش آیا جب ایک استاد کلاس میں بچوں کو سبق دے رہا تھا اور کلاس شروع ہوئے دس منٹ ہی ہوئے تھے کہ ایک بچہ ہاتھ میں فٹبال لیے ہانپتا ہانپتا کلاس کے دروازے پہ پہنچا۔

جب استاد نے ناگوار نظروں سے بچے کو دیکھا اور وقت پر نہ آنے کی وجہ پوچھی تو 9 سال کے اس بچے نے جواب دیا وہ فٹبال کھیل رہا تھا۔ استاد نے نظر کا چشمہ نیچے کیا اور دھیمے لہجے میں فٹبال کی طرف اشارہ کر تے ہوئے کہا کہ یہ فٹبال تمہیں کچھ نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

جو کچھ زندگی میں تم حاصل کرو گے وہ تمھیں اس کلاس سے ملے گا۔بچے نے نظریں نیچیں کیں اور خاموشی سے اپنی نشست پر جا کر بیٹھ گیا لیکن استاد کی اس بات نے اس کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا۔

وہ اثر مثبت تھا یا منفی یہ تو معلوم نہیں ہاں البتہ 10 سال بعد جب مانچسٹر یونائیٹڈ کی شرٹ پہنے اسی بچے کے قدموں نے اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں قدم رکھا تو استاد کی اسی بات نے اس کے چہرے پر مسکراہٹ پھیلا دی۔اگلے پانچ سالوں میں کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے بہترین کھلاڑی کے نام سے پہچانے جانے لگے۔ مانچسٹر یونائٹڈ اور ریال میڈرڈ کی طرف سے کھیلنے والے نہ صرف وہ پہلے پرتگالی کھلاڑی تھے بلکہ انگلش پریمیئر لیگ کے تمام ایوارڈ جیتنے والے واحد کھلاڑی کا اعزاذ بھی انھی کو حاصل ہے۔