پاکستا ن اسٹیل کی بحالی اور ترقی کے لئے منظور شدہ 18 ارب 50 کروڑ روپے میں سے 4ارب 20 کروڑ روپے کی پہلی قسط وصول

جمعرات 22 مئی 2014 07:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء) حکومت کی جانب سے پاکستا ن ا سٹیل کی بحالی اور ترقی کے لئے منظور شدہ 18 ارب 50 کروڑ روپے میں سے 4ارب 20 کروڑ روپے کی پہلی قسط پاکستان اسٹیل کو موصول ہوگئی ہے۔ موصول ہونے والی رقم میں سے ادارے کے ملازمین کو 2 مہینے (فروری اور مارچ 2014) کی تنخواہوں کی پے سلپ جاری کر دی گئیں۔ علاوہ ازیں پیداواریت میں روز افزوں اضافے کے لئے درآمدی خام مال کے حصول کے لئے انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے فوری اقدامات کئے ہیں۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایا کہ خوش آئند بات ہے کہ 55 / 55 ہزار میٹرک ٹن، درآمدی کوئلے کے حصول کے لئے 2 ”ایل سی“(L/C ) جن کی مالیت1 ارب50 کروڑ روپے ہے کھول دی گئی ہیں۔جبکہ اسی منظور شدہ رقم میں سے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی کی ادائیگی کے لئے بھی رقم مختص کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ پاکستان اسٹیل کے مختلف اہم کارخانوں کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کی تکمیل کے علاوہ یوٹیلیٹی بلز (سوئی سدرن گیس، واٹر بورڈ، کے الیکٹرک وغیرہ ) کے واجبات کی ادائیگیاں بھی کی جائیں گی۔

موجودہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ترقی کے علاوہ ادارے کے ملازمین کی سہولیات کیلئے کئے گئے دُور رس اقدامات اور پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے وعدے کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی پر پاکستان اسٹیل کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ پُر اُمید ہے کہ مذکورہ مالیاتی پیکیج کی پہلی قسط سے پاکستان اسٹیل کی پیداوار میں حکومتی اہداف کے مطابق جلد بہتری متوقع ہے۔