مسافر طیارے ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہونے میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے ملوث ہے،مہاتیر محمد

جمعرات 22 مئی 2014 07:28

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مسافر طیارے ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہونے میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے ملوث ہے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ طیارہ حادثے کا شکار نہیں ہوا اور اس سے ملائیشیا کی فضائی کمپنی کا نام اور دیگر نشانات مٹا دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ذرائع ابلاغ ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہونے میں سی آئی اے یا امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے کردار پر بھی کچھ نہیں لکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ لاپتہ طیارے میں ایسا مواصلاتی نظام موجود تھا جس کے ذریعے طیارے کو دور سے کنٹرول کیا جا سکتا تھا،ایسا شائد طیارے کے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہونے کے بارے میں بعض لوگ معلومات کو خفیہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں صرف ملائیشیا کی فضائی کمپنی کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں۔