تربت ، تعلیم دشمن عناصر نے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کردیا ،نامعلوم حملہ آوروں نے ماسٹر حمید نامی شخص کے گھر کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیکر شدید فائرنگ کی ، ڈپٹی کمشنر تربت

جمعرات 22 مئی 2014 07:21

تربت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)بلوچستان کے علاقے تربت میں تعلیم دشمن عناصر نے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کردیا۔واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ڈپٹی کمشنر تربت ممتاز بلوچ نے بتایا کہ واقعہ تربت سے چالیس کلو میٹر دور دشت چوٹ کے علاقے میں پیش آیا،جہاں صبح سویرے موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ماسٹر حمید نامی شخص کے گھر کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیکر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت ماسٹر حمید لال، نوید لال، رشید لال، دوستین کے نام سے ہوئی، جب کہ ایک خاتون اور اور مرد کے نام اب تک معلوم نہیں ہوسکے۔

اطلاع ملتے ہی ڈی سی تربت اور لیویز کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں سے لاشوں کواسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈی سی تربت کے مطابق ماسٹر حمید سرکاری ٹیچر تھے۔ لیویز اہل کاروں نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں متعدد بار سرکاری ٹیچرز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، تاہم اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

متعلقہ عنوان :