کراچی،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 7ہوگئی

جمعرات 29 مئی 2014 07:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء )کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 7ہوگئی جبکہ گذشتہ روز لیاقت آباد سی ون ایریا کا زخمی بھی دوران علاج چل بسا ۔ لیاری کے علاقے چیل چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری میں تھانہ کلاکوٹ کی حدود میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے چیل چوک کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے تینوں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا جب کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور کاروبار اور دکانیں بند ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس اور رینجرز حکام نے واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔اس سے قبل ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت شاہد شاہ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ پولیس کانسٹیبل تھا۔

اورنگی ٹاوٴن کے علاقے مومن آباد میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 24 سالہ کامران کو قتل کردیا جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔ادھر لیاقت آباد سی ون ایریا میں ایک روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص ابن رضا دوران علاج دم توڑ گیا،واضح رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :