پاکستان کرکٹ بورڈ جون کے پہلے ہفتے میں سینٹرل کنٹریکٹ کے22کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے گا، پاکستان ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان،کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق سے بھی مشاورت کی جائے گی۔تمام اسٹیک ہولڈرز سے رائے لینے کے بعد پی سی بی سینٹرل کے ناموں کا اعلان کرے گی

جمعرات 29 مئی 2014 07:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ جون کے پہلے ہفتے میں سینٹرل کنٹریکٹ کے22کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے گا۔ان ناموں کے اعلان سے قبل پاکستان ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان،کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق سے بھی مشاورت کی جائے گی۔تمام اسٹیک ہولڈرز سے رائے لینے کے بعد پی سی بی سینٹرل کے ناموں کا اعلان کرے گی۔

پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں آ ئندہ ہفتے پاکستان ٹیم کا سمر کیمپ ختم ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ اور قومی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کی رائے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ایسے کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے سے محروم رہیں گے جن کی فٹنس کا معیار انٹر نیشنل لیول کا نہیں ہوگا۔کھلاڑیوں پر واضع کردیا گیا ہے کہ اس بار سینٹرل کنٹریکٹ کا پیمانہ صرف اور صرف کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس ہوگی۔اگلے ہفتے سلیکٹرز بھی سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور ناموں کی فہرست کو بورڈ کے حوالے کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کر چکا ہے۔