پاکستان ایک مسجد ہے جس کی بنیاد لاالہ الا اللہ پر ہے، سراج الحق ، اسلام کو درمیان سے نکال دیا جائے تو پاکستان اور ہندوستان میں کوئی فرق نہیں رہے گا ، امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 07:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان ایک مسجد ہے جس کی بنیاد لاالہ الا اللہ پر ہے ۔ اسلام کو درمیان سے نکال دیا جائے تو پاکستان اور ہندوستان میں کوئی فرق نہیں رہے گا ۔ ایک وقت آئے گا جب کلب کی بجائے مساجد آباد ہوں گی ۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے مرکز اسلامی بہاولپور میں مسجد کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

سراج الحق نے کہاکہ کو مرکز بنانے کے لیے بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ مسجد علم و عبادت پھیلانے کا ذریعہ ہے اسلامی حکومت قائم ہو جائے تو مساجد کی صورت میں ہمارے پاس اتنی عمارتیں ہیں کہ مزید سرکاری عمارتیں بنانے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سے استاد تک تمام سرکاری اہلکار مسجد میں اپنے امور نمٹا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مساجد میں عدالتیں لگیں گی تو انصاف کے فیصلے ہوں گے ۔

مساجد میں بیٹھ کر نہ صرف مسائل حل ہوں گے ، بلکہ سب کو یکساں تعلیم بھی ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 21نومبر سے مینار پاکستان سے تحریک تکمیل پاکستان کا آغاز کر رہی ہے ۔ پاکستان اسلامی بنا تو رحمت کے دروازے کھل جائیں گے اور پاکستان دنیا بھر میں ترقی و خوشحالی کی مثال بنے گا ۔انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان کی معیشت سود سے پاک ہوگی اور پاکستان میں غریب کے بچے کو بھی وہی تعلیم ملے گی جو صدر اور وزیراعظم کے بچوں کو ملتی ہے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ارکان پر زور دیا کہ ہر رکن اور کارکن اجتماع عام میں دس افراد کی شرکت کو یقینی بنائے ۔