گزشتہ دو سالوں میں دو لاکھ سے زائد اقلیتی افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دی گئی، حکو مت ،آئی ڈی پیز کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد کیلئے وزیراعظم کو نوٹ لکھیں گے ، افغان جنگ کے دوران امریکی اور نیٹو افواج نے جو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی اس کا ان سے کوئی معاوضہ نہیں لیا گیا , وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد،سی ڈی اے کی انکوائریوں میں تاخیر پر چیئرمین سینٹ کا اظہار برہمی ، انکوائریاں تاخیر کا شکار رہتی ہیں افسران پرموٹ ہوکر ممبر لگ جاتے ہیں صرف تحریری نوٹ لکھنے سے کچھ نہیں ہوگا، چیئرمین سینٹ، وزارت آئی ٹی میں اقلیتوں کے کوٹے پر کسی معذور یا خاتون کو نوکری نہیں دی، انو شہ رحما ن

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 07:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء) حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں دو لاکھ سے زائد اقلیتی افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دی گئی ۔ آئی ڈی پیز کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد کیلئے وزیراعظم کو نوٹ لکھیں گے ، ایوان میں یقین دہانی ۔ ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران زاہد خان نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن کے متاثرین کی جانب وفاقی اور صوبائی حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے داعش کے پاکستان میں آنے کی خبریں گردش کررہی ہیں حکومت کو آئی ڈی پیز پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اقلیتی رکن امر جیت نے اعتراض اٹھایا کہ اگر اقلیتی عوام کو کوٹہ کے مطابق نوکریاں نہیں دینی تو اس کو ختم کردیا جائے ۔

سی ڈی اے کی انکوائریوں میں تاخیر پر چیئرمین سینٹ کا اظہار برہمی ۔

(جاری ہے)

انکوائریاں تاخیر کا شکار رہتی ہیں افسران پرموٹ ہوکر ممبر لگ جاتے ہیں صرف تحریری نوٹ لکھنے سے کچھ نہیں ہوگا عملی اقدام اٹھانے چاہیں سی ڈی اے انکوائریوں کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا گیا ہے ۔ فرحت اللہ بابر کے سوال وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ سی ڈی اے نے مارچ 2008ء سے مالی اور انتظامی بے قاعدگیوں ، خرد برد کے 82 کیسز پر کارروائی کا آغاز کیا 82سے سے 43 کیسز کو حتمی شکل دی گئی ہے البتہ 39 کیسز کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی جن کی وجوہات عدالتوں سے حکم امتناعی متوازی کارروائیاں وغیرہ ہیں جس پر چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ا یک شخص کیخلاف انکوائری سامنے آئی جب وہ ڈائریکٹر لگا تو مگر بعد میں وہ شخص ممبر کے عہدے تک پہنچ گیا اور انکوائریوں کا نتیجہ نہیں آیا لہذا اس معاملے کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے ۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر کرنل ریٹائرڈ طاہر مشہدی کے سوال کے جواب میں وزیر انچارج کابینہ ڈویژن شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں باغیچوں اور پارکس کی مرمت کا کام جاری ہے طاہر مشہدی کے ایک سوال پر شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ 2009ء سے اب تک پی آئی اے کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر کی آسامی پر مختلف محکموں سے آکر کام کرتے ہیں

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر ان آسامیوں پر تقرر کیا جاتا ہے اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے ان کو مارکیٹنگ میں مامون رشید کو ٹرانسفر کیا گیا ۔

بابر غوری نے اعتراض اٹھایا کہ اگر مارکیٹنگ میں انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے لوگ کام کررہے ہیں جس سے اداروں کا بیڑہ غرق ہورہا ہے اس لئے فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہیں جس پر شیخ آفتاب نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ فلائٹس تاخیر کا شکار ہیں ان شکایات کو سول ایوی ایشن کے ایڈوائزر کو پہنچائی جائیں جس پر چیئرمین نے اعتراض اٹھایا کہ صرف شکایات وزراء نہ پہنچائیں بلکہ اس معاملے کو درست کریں رائٹ مین رائٹ جاب کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے اس معاملے پر سینیٹر الیاس بلور نے بھی اعتراض اٹھایا اقلیتی سینیٹر امر جیت کے سوال پر وزیر انچارج کابینہ ڈویژن نے ایوان کو بتایا کہ اب تک دو لاکھ اڑتالیس ہزار چار سو چار اقلیتی افراد کو گزشتہ دو سالوں کے دوران امداد فراہم کی گئی ہے اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو حکومت امداد دے رہی ہے تو ہی صوبائی حکومت اس پر عملدرآمد کررہی ہے کم از کم آئی ڈی پیز کی ہی امداد بے نظیر انکم سپورٹ سے ہی کردی جائے جبکہ داعش کی پاکستان میں آنے کی خبریں گردش کررہی ہیں آئی ڈی پیز کی جانب بھی توجہ دینا ہوگی جس پر شیخ آفتاب نے ایوان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نوٹ لکھ کر وزیراعظم کو بھجوائیں گے البتہ بیت المال سے بھی آئی ڈی پیز کو امداد دے رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے خصوصی امداد بھی بھجوادی ہے امر جیت کے سوال پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں اقلیتی کوٹے پر کسی معذر اقلیتی رکن کو نوکری نہیں دی گئی جس پر امر جیت کے اعتراض کیا کہ بہتر ہے اس کوٹہ کو ختم کردیا جائے اگر عملدرآمد ہی نہیں کرنا ۔

اس معاملے پر زاہد خان نے بھی اعتراض کیا لیکن انوشہ رحمن نے جواب دیا کہ متعلقہ سوال کے جواب دے دیا گیا ہے اگر ایک سوال کو تحریری طور پر کیا جائے تو اس بارے میں بھی جواب دینگے جس پر مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے اعتراض اٹھایا کہ ضمنی سوال پر تحریری نہیں ہوگا زبانی سوال کا جواب دیا جائے اور اگر وزیر جواب نہیں دیتے تو یہ قواعد کی خلاف ورزی ہوگی جس پر چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اقلیتی افراد کی تقرریوں کے کوٹے پر فریش سوال کیا جائے کہ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی جواب دینے کی پابند ہوں گی ۔

سینیٹر زاہد خان کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ سی ڈی اے کا کوئی افسر ، اہلکار کسی این جی اوز میں کام نہیں کررہاہے اگر زاہد خان کے بمہ کوئی شخص ہیں تو ہمیں آگاہ کردیں البتہ اس حوالے سے سی ڈی اے سے بھی تحریری طور پر بھی استفسار کیا گیا ہے لیکن انہوں نے ہی اس حوالے سے وضاحت پیش کی ہے کہ کوئی ایسا افسر یا اہلکار نہیں جو کسی این جی اوز کے ساتھ کام کررہا ہے ۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہا کہ وزارت آئی ٹی میں اقلیتوں کے کوٹے پر کسی معذور یا خاتون کو نوکری نہیں دی گئی ۔ سینیٹر ہدایت اللہ کے سوال پر وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ افغان جنگ کے دوران امریکی اور نیٹو افواج نے جو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی اس کا ان سے کوئی معاوضہ نہیں لیا گیا انہوں نے کہا کہ یہ سابقہ حکومت کے دور کی بات ہے ۔

سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ امریکی طیارے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کررہے ہیں ان سے کیوں معاوضہ نہیں لیا جارہا اس کی کیا وجہ ہے ۔ سینیٹر ہدایت اللہ کے سوال پر شیخ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ پارک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کا ٹھیکہ 23جولائی 2014ء کو دیا گیا جبکہ کام ایک سال میں مکمل ہوگا ایک ضمنی سوال پر انہو ں نے کہا کہ سی ڈی اے کے پاس زمین کا قبضہ نہیں تھا لیکن کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا گیا جس کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہے