نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے ،قمر زمان چوہدری،اس مینڈیٹ پر موثر عملدرآمد کیلئے ضروری ہے کہ انسانی وسائل کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے تسلسل کو جاری رکھا جائے،چیئرمین نیب کا اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 19 نومبر 2014 07:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء ) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب ) قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے ۔ اس مینڈیٹ پر موثر عملدرآمد کیلئے ضروری ہے کہ انسانی وسائل کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے تسلسل کو جاری رکھا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں افسران خصوصاً تحقیقاتی افسران اور پراسکیوٹرز کی تربیتی ضروریات اور استعدادکار بڑھانے پر غور کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب ٹریننگ و ریسرچ ڈویژن نے نیب کے تحقیقاتی افسران اور پراسکیوٹرز کو فراہم کردہ تربیت پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے 2014ء کے لئے تربیتی منصوبے بارے بتایا اور کہا کہ نیب اپنے افسران کی تربیتی ضروریات کے لئے مختلف اداروں مثلاً پاکستان مین پاور انسٹی ٹیوٹ ، پاکستان پلاننگ و مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ ، سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور قومی کمپیوٹر بیورو میں بھیجنے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ کورسوں کا انعقاد کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ایک متحرک ادارہ ہے جسے بہتر آلہ کے طورپر تربیت اور اپنی افرادی قوت کا معیار برقرار رکھنے میں مرکزیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ استعداد کار بڑھانے اور نیب کے تمام افسران کی کارکردگی کو موثر بنانے میں تربیت اہم عنصر ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام علاقائی نیب دفاتر کی مشاورت 2015ء کے لیے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے متواتر پروگرام ترتیب دیئے جائیں۔

ڈائریکٹر جنرل اور تحقیقاتی افسران اور پراسکیوٹرز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے معیاری سلیبس ترتیب دیاجائے اور اکاؤنٹ معاملات ، مالیاتی قوانین ، ڈیجیٹل فورانسک ، سوالنامے کے کاغذات اور فنگر پرنٹس جانچنے کی تربیت بھی فراہم کی جائے تربیتی پروگراموں کو مستقبل کی تربیتی ضروریات پر مسلسل غور اور بہتری کی بنیاد پر بنایا جائے۔ انہوں نے ٹریننگ اورریسرچ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ نیب کے تحقیقاتی افسران ، پراسکیوٹرز اور فورانسک ماہرین کی جدید اور بہتر تربیت کے لیے یو این او ڈی سی بین الاقوامی ٹریننگ اکیڈمیوں کے ساتھ تعاون کریں آخر میں چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ ٹریننگ ریسرچ ڈویژن نیب کی فورانسک لیبارٹری کے قیام کے لیے اپنے کام میں تیزی لائے تا کہ تمام شعبوں کی جدید لائنوں پر تحقیقات ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :