نیاپاکستان ضرور بنے گا،کرپٹ حکمران سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے،قوم بدل چکی ہے ،عمران خان ،خوشحال ملک کا وزیراعظم عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی قدر کرتا ہے، آصف زرداری جو مرضی کر لیں لاڑکانہ میں جلسہ کر کے رہیں گے، حکمران اثاثے ظاہر نہیں کرتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد شہید ہوئے، ایف آر تک نہیں کٹی، کیا یہ جمہوریت ہے؟، صدر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن فیصل آباد سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 19 نومبر 2014 07:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیاپاکستان ضرور بنے گا۔کرپٹ حکمران سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے،قوم بدل چکی ہے ،خوشحال ملک کا وزیراعظم عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی قدر کرتا ہے، آصف زرداری جو مرضی کر لیں لاڑکانہ میں جلسہ کر کے رہیں گے۔ سندھ میں بدترین حالات ہیں بلاول اور آصف زرداری بیرون ملک دوروں پر ہیں،گو نواز گو کے نعرے لگانے پر کارکنان پر فائرنگ کی گئی، پولیس وین پر چڑھ کر پتھراؤ ہوا، کیا یہی جمہوریت ہے ۔

نعرے لگانا ہمارا حق ہے، حکمران اثاثے ظاہر نہیں کرتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد شہید ہوئے، ایف آر تک نہیں کٹی، کیا یہ جمہوریت ہے؟۔ان کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں ذاتی زمین پر جلسہ کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے، جلسہ کرانیوالوں پر ایف آئی آر کٹ گئی ہے، سندھ کے لوگوں کو آزاد کرانے جارہا ہوں، پرویز رشید تحریک انصاف پر الزام لگاتے ہیں لیکن خود مسلم لیگ(ن)کا دہشت گردوں سے تعلق ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے تعلق رکھنے مرکزی صدر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن میاں فرخ حبیب ‘ سابق ایم پی اے ڈاکٹر اسد علی معظم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جہاں زیب امتیاز گل ‘ خاں بہادر ڈوگر‘ علی سرفراز ‘ غلام حیدر باری و دیگر موجود تھے ۔ عمران خان نے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو انتھک کرنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے پر شاباش دی اور کہا کہ فیصل آباد تحریک انصاف کا مضبوط قلعہ ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن مافیا نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشی اوراقتصادی طور پہ کمزورہورہا ہے جبکہ حکمران قومی وسائل کی تباہی میں مصروف عمل ہیں وطن عزیز کی ترقی اورملکی معیشت کی مضبوطی میں سب سے بڑی رکاوٹ میاں برادران ہیں ۔قومی اداروں میں میرٹ ختم کرکے پاکستان کوتباہی کی طرف دھکیلا جارہا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیڑتے ہوئے عوامی امنگوں کاقتل کیا ہے مگرعوام کے جوش وجذبہ کی بدولت کرپٹ نظام اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے طویل دھرنانے عوام میں شعور بیدار اورحوصلوں کو پختہ کردیا ہے حکمرانوں کی رخصتی اٹل ہے ۔

میاں فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہیں اور حکمرانوں سے جلد از جلد نجات چاہتے ہیں ۔ عوامی حقوق کو چھیننے والے اور قومی وسائل کولوٹنے والوں کے احتساب کا وقت قریب آچکا ہے زرداری اور نواز دوستی منظر عام پر آچکی ہے تحریک انصاف دونوں جماعتوں کے اصل چہروں کو بے نقاب کرکے عدل وانصاف کا نظام لائے گی ۔