آئی ایم ایف کا اجلاس 17 دسمبر کو واشنگٹن میں ہوگا،پاکستان کے لیے منظور شدہ قرض کی تیسری اور چوتھی قسط کی منظوری کا امکان

اتوار 14 دسمبر 2014 09:08

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء ) آئی ایم ایف نے 17 دسمبر کو واشنگٹن میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کے لیے 1اعشاریہ 2 ارب ڈالر قرضے کی رقم جاری کرنے کی منظوری مل سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے آئی ایم ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کو منظور شدہ قرض کی 3 اور چوتھی قسط کی منظوری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی معاشی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے مالیاتی ادارے کے حکام کو گزشتہ ماہ بریفنگ دی جاچکی ہے جس پر آئی ایم ایف نے اطمینا ن کا اظہار بھی کیا ہے۔پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں کے دباو سے نمٹنے کے لیے سال 2013 کے اختتام پر آئی ایم ایف سے 6.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری حاصل کی تھی جس میں سے اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب حکومت وصول کرچکی ہے۔