مستقبل میں کھیلوں کے بڑے ایونٹس منعقد کرنیکی منصوبہ بندی کررہے ہیں، رانا مشہود احمد خاں،پنجاب یوتھ فیسٹیول دنیا کا سب سے سستا فیسٹیول ہے، اس میں فی آدمی ایک روپیہ 56پیسے خرچ ہوئے، نوجوانوں کو کھیلوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے،سپورٹس کے فروغ، سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل میں منعقد ہونیوالے سپورٹس ایونٹس کے حوالے سے سیمینار میں سینئر صحافیوں سے صوبائی وزیر کھیل کا خطاب ،پنجاب یوتھ فیسٹیول سے پاکستان کا نام دہشت زدہ ممالک کی فہرست سے نکل گیا اور دنیا میں ملک کا نام روشن ہوا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی بریفنگ

اتوار 14 دسمبر 2014 08:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء)صوبائی وزیر کھیل و تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں سپورٹس بورڈ پنجاب اہم کردار ادا کررہا ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے،سپورٹس کے مزید فروغ کیلئے مستقبل میں کھیلوں کے بڑے ایونٹس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے شکرگزار ہیں کہ اس نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کی بھرپور کوریج کرکے نوجوانوں کو اس میں شرکت کیلئے متوجہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب میں کھیلوں کے فروغ، اس کیلئے سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل میں منعقد ہونیوالے سپورٹس کے ایونٹس کے حوالے سے سمینار میں سینئر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے سیمینار کے شرکاء کو بریفنگ دی، سیمینار میں سینئر صحافی پی جے میر، رحمت علی رازی، سلمان غنی، نجم ولی خان، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، دلاور چودھری، سرفراز احمد، احمد ولید، قیوم زاہد، سہیل بٹ، اسد کھرل، محمد یعقوب، امین حفیظ، جواد فیضی، شوکت علی اور دیگر نے شرکت کی، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول دنیا کا سستا ترین فیسٹیول ہے جس میں فی آدمی ایک روپیہ 56 پیسے خرچ ہوئے جبکہ افریقہ میں 2010ء میں ہونیوالے فیسٹیول میں فی آدمی 63روپے اور بھارت میں 2012ء میں ہونیوالے فیسٹیول میں فی آدمی 72.4خرچ ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینئر صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب مستقبل میں سپورٹس کے بڑے ایونٹس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، یہ سیمینار اسی سلسلہ کی کڑی ہے جس میں ہم چاہتے ہیں کہ آپ لوگ ہمیں مستقبل میں منعقد ہونیوالے سپورٹس ایونٹس کیلئے اپنی تجاوز دیں تاکہ اگلا فیسٹیول مزید بہتر طریقے سے منعقد کرایا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے فوری بعد سب سے زیادہ سپورٹس پر زور دیا تھا، انہی کے نظریئے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کھیل برائے صحت مند سرگرمی کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے 2012ء میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جس کے بعد 2014ء پنجاب یوتھ فیسٹیول منعقد کیا گیا جسے دنیا کاسب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا گیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب مستقبل میں بھی سپورٹس کے بڑے ایونٹس منعقد کرنے جا رہا ہے جس میں ہم نے اہم چیزوں کو فوکس کیا ہے جس میں نوجوانوں کو کھیلوں کی اہمیت سے آگاہی، ورلڈ کلاس ایونٹس کا انعقاد، بین الاقوامی انفراسٹرکچر بنانا چاہتے ہیں، تعلیم کی طرح سپورٹس کا انڈوومنٹ فنڈ کے قیام، کھیلوں میں نجی شعبہ کو بھی شامل کرنے کا ارادہ بھی ہے، سپورٹس فیسٹیول 2012ء اور پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کی ویڈیوز کے ذریعے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ عالمی جنگ میں جب جاپان شکست کھا گیا تو اس نے دوبارہ ابھرنے کیلئے کھیلوں کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد وہ دنیا بھر میں پھر ایک قوم بن کر ابھرا، انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے جس نوجوان کو جو شوق ہے اس کے مطابق اس کو سہولت فراہم کی اور پنجاب یوتھ فیسٹیول میں درجنوں گینز ورلڈ ریکارڈ بنائے، اس سے قبل پاکستان کا نام دہشت گردی کے حوالے سے سرفہرست تھا مگر پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے انعقاد اور گینز ورلڈ ریکارڈ بننے کے بعد پاکستان کا نام دہشت زدہ ممالک کی فہرست سے نکل گیا اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن ہوا ہے اور دنیا بھر کے بڑے میڈیا گروپس نے اسے سراہا ہے۔

سیمینار کے شرکاء نے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمدخاں اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو کھیلوں کے فروغ اور مستقبل میں منعقد ہونیوالے سپورٹس ایونٹس کے حوالے سے اپنی تجاوز دیں جس کو بے حد سراہا گیا، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز کا بغور جائزہ لیکر آئندہ ایونٹس منعقد کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :