پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال، پہلے ہی میچ میں کینیا کو 9 وکٹوں سے شکست،168رنز کا آسان ہدف پاکستا ن اے نے 29ویں اوور ز میں حاصل کرلیا ،سمیع اسلم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی، فضل سبحان 56 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے، کینیا کی جانب سے گوردیپ سنگھ 55 رنز بناکرنمایاں رہے، پاکستان اے کے محمد طلحٰہ اور رضا حسن نے چار چار کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، دوسرا میچ 15دسمبر کو کھیلا جائے گا قذافی اسٹیڈیم لاہور کی رونقیں بحال ہونے پر میچ سے قبل فضاء میں غبارے چھوڑے گئے ، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی،میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جنھوں نے ہر چوکے چھکے پرخوب نعرے لگائے اوربھنگڑے ڈالے

اتوار 14 دسمبر 2014 08:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء) قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان اے نے کینیا کو نو وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔پاکستان اے اور کینیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیا کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 39 ویں اوور میں صرف 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

کینیا کی جانب سے گوردیپ سنگھ 55 رنز بناکرنمایاں رہے، جبکہ پاکستان اے کے محمد طلحٰہ اور رضا حسن نے چار چار کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔کینیا کے 168 رنز کے تعاقب میں پاکستان اے کی جانب سے شرجیل خان اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا۔شرجیل خان تو 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیکن سمیع اسلم اور فضل سبحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان اے کو29 ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کردیا اور دونوں کے درمیان 162 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔

(جاری ہے)

سمیع اسلم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی۔ سمیع 101 اور فضل سبحان 56 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور کی رونقیں بحال ہونے پر میچ سے قبل فضاء میں غبارے چھوڑے گئیمیچ کے آغاز سے قبل چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔جبکہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی رونق لوٹنے پر فضا میں غبارے بھی چھوڑے گئے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کینیا اورپاکستان اے کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جنھوں نے ہر چوکے چھکے پرخوب نعرے لگائے اوربھنگڑے ڈالے۔گیارہ دسمبر کوپاکستان پہنچنے والی کینیا کی ٹیم اپنے باقی میچز لاہور میں 15، 16، 18 اور 20 دسمبر کو کھیلے گی۔پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر 2009 میں ہونے والے حملے کے بعد کینیا پاکستان کا دورہ کرنے والی دوسری ٹیم ہو گی جہاں اس سے قبل افغانستان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔