ملک بھر میں سردی کی لہر جاری، مری سمیت گلیات میں برف باری کا امکان، قبائلی علاقوں میں شدید سردی ،موسمی امراض میں اضافہ ہوگیا ،قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ، کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

اتوار 14 دسمبر 2014 08:42

اسلام آباد/خیبرایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2014ء)ملک بھر میں خشک سردی کی لہر جاری ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مری سمیت گلیات میں ہلکی برف باری جبکہ بالائی پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ قبائلی علاقہ جات ان دنوں خشک اورشدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں ، جس کے باعث موسمی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی قلات اور اسکردو میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ ہنزہ میں منفی 5، استور،گوپس اورکوئٹہ میں منفی 4، دیر اور دالبندین میں منفی3، گلگت منفی 2، پشاور میں 3، اسلام آباد میں 4 ، لاہور میں 5 جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے۔ مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، لاہور،سرگودھا، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سمیت کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہیتاہم ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔

دوسری جانب قبائلی علاقہ جات ان دنوں خشک اورشدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں ، جس کے باعث موسمی امراض میں اضافہ ہورہا ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔خیبر ایجنسی اورملحقہ قبائلی علاقوں میں خشک سردی کے باعث موسمی امراض نزلہ ،کھانسی اور موسمی بخار میں اضافہ ہورہا ہے۔ گلگت بلتستان میں غذر ، اسکردو ،استور کے بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ ہفتہ کی صبح سے جاری ہے، میدانی علاقوں میں موسم ابر آلود ہونے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ سندھ ،پنجاب اور بلوچستان میں بھی سردی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔