بل گیٹس نے لوگوں کو ورچوئل آنکھ مچولی کا حصہ بننے کا چیلنج دیدیا

جمعرات 13 اپریل 2017 13:26

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)مائیکرو سافٹ سے اربوں ڈالرز کمانے یا اپنے فلاحی ادارے سے دنیا بدل دینے کا عزم کرنے سے پہلے بل گیٹس ایک چھوٹے بچے بھی رہے ہیں جو آنکھ مچولی کے شوقین تھے۔اور اب دنیا کے اس امیر ترین اور مخیر ترین شخص نے لوگوں کو ورچوئل آنکھ مچولی کا حصہ بننے کا چیلنج کیا ہے جس کا مقصد دنیا کو بدل دینے والی سماجی تبدیلیوں کو سراہنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک حالیہ بلاگ میں بل گیٹس نے لوگوں کو ایک سادہ آنکھ مچولی پر مشتمل وی آر گیم کھیلنے کا چیلنج کیا۔یوٹیوب کی اس 360 ڈگری ویڈیو میں افریقہ کے مختلف مقامات کو دکھایا گیا جہاں مختلف ایجادات نے صحت، غذائیت اور اقتصادی مواقعوں کو بڑھانے میں مدد دی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ ایجادات ایسی نہیں جن کی آپ توقع کرسکتے ہیں، یہ یا تو گندم کا ایک سادہ بیگ ہوسکتا ہے یا جیب میں آجانے والا ادویات کا کیس، یہاں تک کہ بل گیٹس کی پسندیدہ مرغیاں بھی نظر آئیں گی۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ 'ہر پیمانے کے لحاظ سے دنیا پہلے کے مقابلے میں زندگی کے لیے بہتر مقام بن چکی ہے، عالمی غربت کم ہورہی ہے، بچوں کی اموات کی شرح کم ہوگئی ہے جبکہ شرح خواندگی اور خواتین کی ترقی میں بہتری آرہی ہے اور پھر بھی بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ دنیا زوال کی جانب جارہی ہے۔اس وی آر گیم میں بل گیٹس مختلف مقامات پر سادہ ایجادات کو ڈھونڈنے کا چیلنج دیتے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ انہیں وہ ستائش نہیں مل رہی جتنی یہ ایجادات معاشرتی تبدیلیاں لانے اور زندگیاں بچانے میں مدد دے رہی ہیں۔بل گیٹس کے مطابق 'اگر آپ کو تبدیلی کی توقع نہیں تو آپ کو وہ کبھی نظر بھی نہیں آئے گی۔

متعلقہ عنوان :