کھیل اور سیاست میں زمین آسمان کا فرق ، عوام کی بے لوث خدمت کرنا عمرا ن خان کے بس کی بات نہیں،سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ، نیازی صاحب ،آ پ نے سیاست میں نام گنوایا ہے،عوام کی خدمت میں جو سکون ملتاہے، اسکا اندازہ الزام تراشیاں کرنیوالے کر ہی نہیں سکتے، آپ نے جھوٹ اور انتشار پھیلایا ہے، اربوں روپے بچانے والی قیادت پر ا لزام تراشیاں کرنیوالوں کو شرم آنی چا ہیے، پاکستان کی تقدیر بدلنے سے مخالفین کو تکلیف ہے، منتخب وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنیوالے عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں، ترقی کا راستہ روکنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں، پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے توانائی منصوبوںمیں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا،بے پناہ لوٹ مار کی، قوم کو لوڈشیڈنگ کا عذاب دیا،سابق حکمرانوں کے دور میں ہر دن کا سورج ایک نئے کرپشن کے سکینڈل کے ساتھ طلوع ہوتا تھا

وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

پیر 1 مئی 2017 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے اور عوام کی خدمت میں جو اطمینان او رسکون ملتاہے، اس کا اندازہ الزام تراشیاں کرنے والے عناصر کبھی کر ہی نہیں سکتے۔ وزیراعلی نے کہاکہ نیازی صاحب !کھیل کے میدان اور سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

نیازی صاحب، آپ نے کھیل میں تو نام کمایا ہے لیکن سیاست میں نام گنوایا ہے اور سیاست کے ذریعے عوام کی بے لوث خدمت کرناآپ کے بس کی بات نہیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ نے گزشتہ4برس کے دوران صرف جھوٹ اور انتشار پھیلایا ہے اورآپ نے پاکستان میں گالم گلوچ، منافقت اور غیر جمہوری رویوں کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ غریب قوم کے اربوں روپے بچانے والی قیادت پر بے بنیادا لزام تراشیاں کرنے والوں کو شرم آنی چا ہیے اوربے بنیاد الزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے تو مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔وہ پیر کو منتخب نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوںنے کہاکہ عوام کے منتخب وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنیوالے عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔دھرنے، لاک ڈائون اور احتجاج کے ذریعے منصوبوں میں تاخیر کرنے والوں نے قوم سے بڑی زیادتی کی ہے اور پاکستان کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی -انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیںاور با شعور عوام نے انہیں بار بار مسترد کیا ہے، اب یہ عناصر مایوسی کا شکار ہیں۔

وزیراعلی نے کہاکہ احتجاج ان کا مقدر ہے ، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اورمخالفین احتجاج کرتے رہیں، ہم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفرکو آگے بڑھاتے جائیں گے۔انہوں نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے توانائی منصوبوںمیں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیااورقوم کو لوڈشیڈنگ کا عذاب دینے والے سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی عملی کام نہیں کیایہی وجہ ہے کہ توانائی بحران آج بھی موجود ہی- انہوں نے کہاکہ سابق حکمران کرپشن اور لوٹ مار کی بجائے توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو ملک آج اندھیروں میں نہ ہوتا۔

جب اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا تو یہ قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرتے ر ہے۔انہوںنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار کی گئی اورپیپلز پارٹی دور کے حکمرانوں کی کرپشن ، اقربا پروری اور لوٹ مار کے چرچے زبان زد ِعام ہیں۔سابق حکمرانوں کے دور میں ہر دن کا سورج ایک نئے کرپشن کے سکینڈل کے ساتھ طلوع ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شبانہ روز محنت رنگ لا رہی ہے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معیشت مضبوط ہوئی ہے - زرِمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کے ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ سی پیک سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بدل رہاہے اور مثبت تبدیلی آرہی ہے -وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںملک سے اندھیرے دور کریں گے۔