پاک فوج نے بھارت کو پسپا کر کے رکھ دیاہے ، راجہ محمد فاروق حیدر خان

ایل او سی آنے کا مقصد بہادر پاک فوج اور آپ سے اظہار یکجہتی ہے،مستحکم،پرامن،خوشحال،ترقی یافتہ پاکستان کے لئے پرعزم ہیں،وزیراعظم آزاد کشمیر کاحویلی میں عوام سے خطاب

بدھ 27 مارچ 2019 17:46

حویلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو پسپا کر کے رکھ دیاہے ، ایل او سی آنے کا مقصد بہادر پاک فوج اور آپ سے اظہار یکجہتی ہے،مستحکم،پرامن،خوشحال،ترقی یافتہ پاکستان کے لئے پرعزم ہیں۔بدھ کو کنٹرول لائن کے ضلع حویلی پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا تاریخی اور فقید المثال استقبال کیا گیا ،فضاء سبز ہلالی پرچموں ،قاید پاکستان نواز شریف زندہ باد ،قائد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

عوام کا جوش و خروش دیدنی اور ایم۔ایس ایف کے متوالوں کا جذبہ اور جوش و ولولہ غیر معمولی تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو پسپا کر کے رکھ دیاہے ۔

(جاری ہے)

ایل او سی آنے کا مقصد بہادر پاک فوج اور آپ سے اظہار یکجہتی ہے۔مستحکم،پرامن،خوشحال،ترقی یافتہ پاکستان کے لئے پرعزم ہیں۔اللہ کے فضل سے اور شہداء کشمیر کے صدقے بھارت پہلے سفارتی محاذ پر پسپا ہوا اور پھر پاک فوج نے بھارتی فوج پر اپنی دھاک بٹھا دی۔

انہوں نے کہا دنیا نے دیکھ لیا ہے اور سپر پاورز نے بھی مان لیا ہے کہ پاکستان ایک حقیقت ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے محسن میاں محمد نواز شریف کی ضمانت حق کی فتح ہے۔ خوشی اور تکلیف کی ہر گھڑی میں پوری کشمیری قوم سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں حضرت قائداعظم محند علی جناح کے بعد میاں نواز شریف وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے کشمیریوں کو عزت دی جس پر کشمیری ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حویلی میرا دوسرا گھر ہے چوہدری محمد عزیز میرے بھائیوں جیسا ہے انشاء اللہ حویلی کے عوام کے لیے ہمارے وسائل حاضرہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کے عوام نے 1965، 1971بعد کے ادوار میں بہت قربانیاں پیش کی ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ متاثرین گولہ باری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وفاقی حکومت سے ملکر لائن آف کنٹرول کے متاثرہ علاقوں کے لیے 5ارب روپے کی لاگت کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کہوٹہ میں ایک گرڈسٹیشن، ڈسٹرکٹ جیل اور پولیس لائن قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تاریخی مقام علی آباد سے بھیڈی تک چیئر لفٹ بھی لگائیں گی- انہوں نے کہا حویلی پونچھ کا گیٹ وے ہے مجھے تاریخ کا علم ہے پونچھ کی تہذیب کوئی آج کی نہیں قدیم تہذیب ہے آزادجموں و کشمیر کی ترقی میں پونچھ کا کردار ہے اور اسمیں حویلی کے خاص کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے کہا میرے سامنے شہر پونچھ ہے انشاء اللہ قابض بھارتی فوج سے پونچھ کو بھی آزاد کراوئیں گے اور پورے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آزاد کروا کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے ،پاک فوج اسی طرح توانا و مستحکم رہے ہمارا واحد وکیل پاکستان ہی ہے اسی لئے بھارت سمیت سازشی لابیاں پاکستان کے خلاف سرگرم رہتی ہیں لیکن وہ پہلے بھی نامراد ہوے آئندہ بھی وہ ناکام و نامراد ہی رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی میں کنٹرول لائن پر آتا ہوں میرا دل خون کے آنسو روتا ہے۔انیوں نے کہا کہ اس لکیر کے اس پار اپنی ماوں بہنوں بیٹیوں بھائیوں بزرگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ایک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جمہوریت کا علمبردار بنتا ہے لیکن جموں کشمیر کی اسمبلی توڑ کر وہاں الیکشن نہیں کرواسکا۔انہوں نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ہندوستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اپنا حق خودارادیت مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پیچھے نظر آنیوالی اس کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری جلدایک ہونگے اور پاکستان بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں عوام کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں ان کے ضائع ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،عظیم شہداء کشمیر کے صدقے یہ جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اورپاک فوج ملکر ہندوستان کی تخریب کاری کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ قائد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان میرے قائد اور رہنماء ہیں۔انہوں نے کہا وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان جری اور بہادر ہیں یہی وہ صفت ہے جو ان کو کشمیر کے تمام لیڈروں سے ممتاز کرتی ہے۔

انہوں نے کہا ہم وزیراعظم کے مشکور ہیں میں نے جب بھی اور جتنا فنڈ بھی ان سے مانگا انہوں نے اپنے فنڈ سے بھی مجھے دیا اور کہا عوام پر لگائیں لوگوں کو سہولتیں دیں یہی وجہ ہے آج حویلی کا ہر جوان و بوڑھا اپنے محبوب قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے امنڈ آیا ہے اور آس پاس کے پہاڑوں تک پر لوگ و خواتین موجود ہیں یہ حویلی میں کسی بھی لیڈر کا ہونے والا تاریخی استقبال ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ قائد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں پورے عزم اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔انہوں نے وزیراعظم کا فقید المثال استقبال کرنے پر وزیر حکومت چوہدری محمد عزیز اور حویلی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم۔

اپنا پیٹ کاٹ کر ایل او سی پر بسنے والوں کو پوری سہولتیں فراہم کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا پاک فوج نے بھارت کو پہلے بھی شکست دی ،اب بھی دی اور اگر آئندہ اسنے کوئی ڈرامہ بازی کی تو بھرپور اور زبردست جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔۔اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد یاسین گلشن،کرنل (ر) وقار احمد نور،چوہدری شہزاد محمود،چوہدری جاوید اختر ، چوہدری رخسار احمد ، ڈپتی سپیکر سردار عامر الطاف ،چوہدری محمد اسحاق نے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی مسئلہ کشمیر اور آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے خدمات کو بے حد سراہا اور کہا کہ ہمیں اپنے نڈر لیڈر پر فخر ہے انشاء اللہ ہمارا جینا اور مرنا وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں