مستقبل میں بجلی سستی ہونے کی امید پیدا ہوگئی

تھرمل پلانٹ کی شمسی توانائی میں تبدیلی کیلئے چینی فرم کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا، سالانہ 400 ملین یونٹ بجلی پیدا ہوگی، قیمت 45 روپے سے کم ہو کر 14روپے فی یونٹ تک آجائے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اپریل 2024 14:53

مستقبل میں بجلی سستی ہونے کی امید پیدا ہوگئی
مظفرگڑھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2024ء ) پاکستان نے تھرمل پلانٹ کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے چینی فرم کے ساتھ 200 ملین ڈالر کے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں ناردرن پاورجنریشن کمپنی لمیٹڈ نے چینی فرم ننگبو گرین لائٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈکے ساتھ 200 ملین ڈالرکی مفاہمتی یاداشت پردستخط کردیئے، یہ منصوبہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے ایک موجودہ تھرمل پاور پلانٹ کو اپ گریڈ کرکے 300 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ پر منتقل کرے گا، اس منصوبے سے نمایاں طورپرکم لاگت پرسالانہ 400 ملین یونٹ بجلی پیدا ہوگی جس کی قیمت 45 روپے سے کم ہو کر 14 روپے فی یونٹ تک آ جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ جنریشن کمپنی جنکو III کی زمین، اثاثہ جات اور بنیادی ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے یہ اقدام اقتصادی فائدہ کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی کی منتقلی کی طرف خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مہم کو تقویت دیتا ہے، اس منصوبے سے بھاری ایندھن کے تیل کی ضرورت ختم ہو جائے گی، اسٹیک ہولڈرز کے لیے پرکشش منافع پیش کرتے ہوئے اس منصوبے کے تحت درآمدی بلوں میں کمی کی وجہ سے سالانہ 44 ملین ڈالر کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 83 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں کمی کردی گئی، اس حوالے سے ایک بیان میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ اپریل کے بجلی بلوں میں 3 روپے 82 پیسے کی کمی ہوئی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ڈالر کی کمی کی وجہ سے کی گئی ہے، پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی جو کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے رواں ماہ بجلی کے بلوں میں گزشتہ ماہ کی نسبت کمی ہوئی۔

اسی طرح وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں