مسلح افواج دہشتگردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے

فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشتگرد گروہ پاکستان اور اقتصادی مفادات کیخلاف بطور پراکسی کام کررہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اپریل 2024 19:02

مسلح افواج دہشتگردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے
راولپنڈی( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اپریل 2024ء) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشتگردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشتگرد گروہ پاکستان اور اقتصادی مفادات کیخلاف بطور پراکسی کام کررہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 264ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی ۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، یہ دہشتگرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بطور پراکسی کام کررہے ہیں، یہ دہشتگرد گروہ بالخصوص سی پیک کیخلاف پراکسی کے طور پر کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشتگردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

فورم نے غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش کیا، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی، کورکمانڈرز کانفرنس میں غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی گئی ، کورکمانڈرز کانفرنس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش کیا۔

مشرق وسطیٰ میں اگر فریقین نے کشیدگی فوری کم نہ کی توایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔ فورم نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کیلئے بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کیا،مسلح افواج کے خلاف بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے، ہم عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم کے خلاف آئین و قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا۔ فورم نے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف بھرپور تعاون کا بھی عزم کیا۔ فورم نے تمام غیرقانونی تارکین وطن کی محفوظ وطن واپسی بھرپور تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں