مسلم لیگ ن حکومت میں آکر مہنگائی کا خاتمہ کرے گی، بورے والا کو ضلع بنائیں گے ، نواز شریف

جمعہ 26 جنوری 2024 20:08

مسلم لیگ ن حکومت میں آکر مہنگائی کا خاتمہ کرے گی، بورے والا کو ضلع  بنائیں گے ، نواز شریف
بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) مسلم لیگ(ن) کے قائد اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ میری حکومت کے بعد وقت بدل گیا ہے پہلے روٹی 4روپے کی تھی آج 20روپے کی ہوگئی بجلی کا 500روپے والا بل اب 20ہزار روپے کا ہوگیاہے،گیس کی بھی قلت ہے جمعہ کو یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دور میں سبزیاں 10روپے فی کلو ملتی تھیں، آج قیمتیں کہاں پہنچ گئی ہیں ،میرے دور میں ٹریکٹر 9لاکھ روپے کا تھا آج 38لاکھ روپے کا ہوگیا، یوریا کھاد 1200روپے کی تھی آج 5ہزار روپے کی بوری ملتی ہے کیا یہ تبدیلی ہے، وعدہ کرتا ہوں کہ مسلم لیگ ن حکومت میں آکر مہنگائی کا خاتمہ کرے گی ، بورے والا کو ضلع بنائیں گے ،عین ممکن ہے بورے والا میں ائیرپورٹ بھی بنائیں ،موٹروے بورے والا سے گزرے گی ، اس موقع پرنائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نواز شریف کو ووٹ دیں تاکہ وہ منتخب ہوکر آپکی خدمت کرسکیں ،ہمارے مخالفین جہاں بھی جاکر جلسہ کرتے ہیں وہاں پر نوازشریف کے ہی منصوبے نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کوئی بھی بڑا منصوبہ دیکھ لو وہ مسلم لیگ ن کے دور میں بنا ہے سب جماعتیں نواز شریف پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں ،آج اگر کسی کو قوم کی فکر ہے تو وہ میاں نوازشریف ہے ہمارا منشور ہر شہر اور گاوں کی ترقی ہے، انتخابی جلسہ سے امیدوار قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں اور امیدوار صوبائی اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر مریم اورنگ زیب، سینٹر پرویز رشید،سید ساجد مہدی سلیم، سعید احمد خاں منہیس، میاں ثاقب خورشید، چوہدری یوسف کسیلیہ،میاں خالق نواز آرائیں، نور خاں بھابھہ اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں