سعودی عرب کا کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

ندیم عمر اپنی ٹیم کے ہمرا ہ سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم تشکیل دیں گے جبکہ فرنچائز سعودی عرب کا ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم بھی تشکیل دے گی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 15 جون 2023 00:17

سعودی عرب کا کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات  حاصل  کرنے کا فیصلہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جون2023ء) سعودی عرب نے اپنی سرزمین پر کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر مدعو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فرنچائز ندیم عمر متعلقہ حکام کو کھیل کی ترقی و ترویج کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور سعودی حکومت کے درمیان باہمی مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط ہوں گے۔

اس منصوبے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ و سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کا بھی اہم کردار ہوگا،دریں اثنا کرکٹ کے حلقوں نے سعودی حکومت کی جانب سے دنیا کے بڑے بڑے ناموں کو مسترد کرکے ندیم عمر کا انتخاب پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ندیم عمر حال ہی میں پی سی بی کے تحت منعقدہ الیکشن میں کراچی ریجن کے بلامقابلہ صدر بھی منتخب ہوئے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ندیم عمر اپنی ٹیم کے ہمرا ہ سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم تشکیل دیں گے جبکہ فرنچائز سعودی عرب کا ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم بھی تشکیل دے گی۔ خیال رہے کہ سعودی عرب قومی کرکٹ ٹیم بین الاقوامی کرکٹ میں سعودی عرب کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ ٹیم سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے زیر انتظام کھیلتی ہے اور 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کا الحاق شدہ رکن بنیاور 2016 میں ایسوسی ایٹ ممبر بن گئی۔

سعودی عرب نے ملائیشیا میں 2004 اے سی سی ٹرافی سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا، اور اس کے بعد سے وہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ٹورنامنٹس میں باقاعدگی سے کھیلتا رہا ہے۔ 2014 اے سی سی ایلیٹ لیگ میں دوسرے نمبر پر آنے کے بعد، ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کرکٹ لیگ کے لیے کوالیفائی کیا۔
وقت اشاعت : 15/06/2023 - 00:17:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :