بنگال ٹائیگرز نے افغانستان کو سبق سکھا دیا

Bangal Tigers Ne Afghanistan Ko Sabq Sikha Diya

افغانستان ٹیم توقعات کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری جمعرات 19 فروری 2015

Bangal Tigers Ne Afghanistan Ko Sabq Sikha Diya

عالمی کپ کے گروپ اے میں گزشتہ روز بنگلہ دیش نے افغانستان کو 105رنز کے وسیع مارجن سے شکست دیکر میگاایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے افغانستان کے خلاف میچ میں بہت تحمل مزاجی دکھائی ، عموماً بنگالی ٹیم کمزور ٹیموں کیخلاف برق رفتاری دکھاتی ہے لیکن گزشتہ روز کے میچ میں بنگال ٹائیگرز کی کارکردگی اس لیے بھی بہتر رہی کیونکہ بنگالی ٹیم نے مزاج میں ٹھہراؤ نظرآیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان مشرفی مرتضیٰ سے لیکر مشفیق الرحیم تک تمام بیٹسمنیوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور روایتی جلدبازی سے اجتناب کیا۔ ورلڈکپ مقابلوں میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کبھی دوسرے راؤنڈ میں نہیں آسکی تاہم ہر میگاایونٹ میں بنگالی ٹیم ایک اپ سیٹ ضرور کرتی ہے۔ بنگلہ دیش کے پاس اب تو ٹیسٹ کرکٹ کا بھی درجہ موجود ہے اور گزشتہ دو برسوں میں بنگلہ دیش کی کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کے ساتھ ساتھ بنگالی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈز پر ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کو شکست سے بھی دو چار کیا تھا، گزشتہ روز کے میچ سے پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ شاید افغانستان اپنے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں کوئی حیران کارکردگی دکھائے گی لیکن آن فیلڈ ایسا نہیں ہوا۔ بنگلہ دیش نے پورے میچ میں سنجیدہ کرکٹ کھیلی اور کم سے کم غلطیاں کیں جبکہ افغان ٹیم پہلے باؤلنگ میں پریشانی کا شکار دکھائی کیونکہ تین وکٹ جلد حاصل کرنے کے بعد افغان ٹیم کیلئے میچ ہاتھ میں رکھنا مشکل ہوگیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں تجربہ کار بنگلہ دیش کیخلاف زیادہ رنز نہیں کھائے۔ افغانستان کو پہلے میچ میچ میں شکست ہوگئی لیکن افغان ٹیم کے ابھی بھی پانچ میچز باقی ہیں، گوکہ افغانستان کی ٹیم اس ورلڈکپ میں سب سے ناتجربہ کار ہے کیونکہ آئرلینڈ، زمبابوے، بنگلہ دیش ، یواے ای اور سکاٹ لینڈ ماضی میں بھی ورلڈکپ کھیل چکے ہیں لیکن اس کے باوجود افغان ٹیم سے اپ سیٹ کی توقعات رکھی جاسکتی ہیں۔ افغانستان نے آگے چل کر نیوزی لینڈ، آسٹریلیا ، سری لنکا اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے جس میں یقینی طور پر جنگ زدہ ملک سے تعلق رکھنے والی ٹیم کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا کیونکہ ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ میں افغان ٹیم کو چھ میچز کھیلنے کو مل رہے ہیں جس سے افغان کرکٹ نکھر جائے گی۔ گزشتہ روز کے میچ میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 267رنز بناکرآوٴٹ کردیا۔ تمیم اقبال 19رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔ انعام29 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ محمود 23اور سومیا 28 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے پانچویں وکٹ کیلئے ایک سوچودہ رنز کی شراکت قائم کی۔ شکیب 63 اور مشفیق71 رنزبناکر آوٴٹ ہوئے۔ اس کے بعد کوئی بنگلہ دیشی کھلاڑی وکٹ پرنہ رک سکا۔افغان ٹیم کی اننگ تباہ کن انداز میں شروع ہوئی تین رنز پران کے تین کھلاڑی افسرزرزئی، جاوید اوراصغر آوٴٹ ہوگئے۔ نوروز مینگل نے27 اور سمیع اللہ شنواری 44 رنز نے پوزیشن کچھ بہتر بنائی۔ ایک سوچھتیس رنز پر دوکھلاڑی آوٴٹ ہوئے۔ مشرفی مرتضٰی نے حریف کپتان محمد نبی کی وکٹ 44 رنز پرحاصل کی۔ نجیب اللہ کو شکیب نے سترہ رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ افغانستان کی ٹیم 42اعشاریہ پانچ اوور میں162 رنزبناکر آوٴٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش نے 105 رنز سے کامیابی حاصل کرکے میگاایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ۔

مزید مضامین :