برینڈن میکالم۔ٹرپل سنچری بنانیوالے پہلے کیوی بلّے باز

Brandon Mccallum Triple Century Banane Wale Pehle Kiwi Balle Baz

24 بلّے باز 28 ٹرپل سنچریاں بنا چکے ہیں بریڈمین، لارا، گیل اور سہواگ دو دو مرتبہ ٹرپل سنچریاں سکور کر چکے ہیں سب سے زیادہ 7 ٹرپل سنچریاں بنانے کا کارنامہ آسٹریلیا کو حاصل ہے

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری منگل 3 فروری 2015

Brandon Mccallum Triple Century Banane Wale Pehle Kiwi Balle Baz
عرفان بٹ ٹیسٹ کرکٹ میں باؤلر کی ہیٹ ٹرک کو ٹرپل سنچری بنانیوالے بلّے باز سے کمتر نہیں سمجھا جاتا۔کرکٹ کی تاریخ میں کئی بلّے باز ٹرپل سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ان میں تازہ نام نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم کا ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کیوی بلّے باز ہیں ۔ ان سے پہلے سابق کپتان مارٹن کرو 299 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہو چکے ہیں۔

ٹرپل سنچری بنانیوالے برینڈن میکولم کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے بلّے باز بن چکے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ دوسری اننگز میں انجام دیا۔ ان سے پہلے 1957-58ء میں حنیف محمد نے دورہٴ ویسٹ انڈیز کے دوران فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 337 رنز کی خوبصورت اننگز تراشنے پر انہیں لِٹل ماسٹر کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وہ ساڑھے سولہ گھنٹے وکٹ پر کھڑے رہیجو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

برینڈن میکولم کی ٹرپل سنچری 302 سکور پر مشتمل تھی جس میں 23 خوبصورت چوکے اور 6 فلک بوس چھکے بھی شامل تھے۔ ایک مرحلہ پر نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ میں یقینی شکست سے دوچار دکھائی دیتا تھا مگر میکولم نے نہ صرف شاندار ٹرپل سنچری سکور کر کے نیوزی لینڈ کو ممکنہ شکست سے بچایا بلکہ ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ٹرپل سنچری بنانیوالے بلّے بازوں کی فہرست پر نظر دوڑائی جائے تو اب تک دس میں سے آٹھ ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے 24 بلّے باز 28 ٹرپل سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔

بنگلہ دیش اور زمبابوے ہنوز ٹرپل سنچری کے اعزاز سے محروم ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی ٹرپل سنچری انگلش بلّے باز اینڈی سینڈہم نے 1930ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بنائی تھی۔ شہرہٴ آفاق آسٹریلوی بلّے باز ڈان بریڈمین نے یہ کارنامہ اسی سال انجام دیا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چار بلّے باز ڈان بریڈ مین، برائن لارا، کرس گیل اور ویندر سہواگ دو دو مرتبہ ٹرپل سنچری سکور کر چکے ہیں۔

سب سے تیزی ترین ٹرپل سنچری 278 گیندوں پر ریکارڈ بھارتی بلّے باز وریندر سہواگ نے 2008ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف بنائی تھی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کیورڈروپل سنچری 400 رنز ناٹ آؤٹ بنانے کا کارنامہ ویسٹ انڈین بلّے باز برائن لارا نے انجام دیا۔یہ کسی بھی بیٹسمین کی ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اننگ ہے۔ یہ عالمی ریکارڈ اب بھی قائم ہے۔ لارا دو مرتبہ سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ان سے پہلے 365 رنز کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر سر گیری سوبرز کے نام تھا۔ برائن لارا نے انگلش ٹیم کیخلاف 1994ء میں 375 رنز بنا کر ان کا قائم کردہ عالمی ریکارڈ توڑا تھا جسے آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن نے 380 رنز بنا کر اپنے نام کر لیا۔ وہ زیادہ عرصہ اس ریکارڈ پر قبضہ برقرار نہ رکھ سکے، برائن لارا نے 400 رنز کی اننگز کھیل کر اس ریکارڈ پر دوبارہ قبضہ کر لیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بریڈمین اور وریندر سہواگ 290 رنز بنانے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار ہو چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 7 ٹرپل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ آسٹریلوی بلّے بازوں نے قائم کر رکھا ہے۔ ویسٹ انڈین بلّے باز 6 ٹرپل سنچریوں کے ساتھ دوسری، انگلش بلّے باز 5 ٹرپل سنچریوں کے ساتھ تیسری ، پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر تین تین ٹرپل سنچریوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر فائز ہیں۔ بھارت دو ٹرپل سنچریوں کے ساتھ پانچویں جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی جانب سے ایک ایک ٹرپل سنچری سکور کی جا چکی ہے۔

مزید مضامین :