محمد آصف کا ثناء ہلال سے نکاح ،وینا ملک افسردگی میں ڈوب گئیں

Cricketers Muashke

وینا ،آصف خفیہ شادی کا ڈراپ سین،دیدارکے ساتھ بھی سیکنڈل بنا، قومی کرکٹرز کا محبت کو کھیل سمجھ کرکھیلنے کا سلسلہ جاری شعیب ملک عائشہ کے ساتھ نکاح سے مکر ے،سیالی بھگت سے اعتراف محبت کیا،شعیب اختر،عمران نذیراورسہیل تنویرکے معاشقے بھی منظرعام پر آئے

بدھ 3 مارچ 2010

Cricketers Muashke
اعجازوسیم باکھری: پاکستان کرکٹ کی تاریخ جہاں میدان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے سجی نظرآتی ہے وہیں اس کے کئی دوسرے ابواب بھی ہیں جو میدان سے باہر کی ہنگامہ خیزی سے متعلق ہیں جن کے بارے میں ہمیشہ پاکستانی لوگوں نے دلچسپی لی ۔اگر پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر نظردوڑائی جائے تو ملکی کرکٹ کو سب سے بڑا دھچکہ میچ فکسنگ کے قضیئے سے پہنچا،لیکن ساتھ ساتھ بال ٹیمپرنگ کے الزامات کے علاوہ ڈرگزاستعمال کرنا ،نشہ آورچیزوں کی موجودگی اور ان سے سب سے بڑھ کربعض کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر حددو پھلانگنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے فلمی اداکاراؤں اور عام خواتین کے ساتھ سیکنڈلز بھی اخبارات کی زینت بنتے رہے جن میں بیشتر حقیقت پر مبنی تھے۔

گزشتہ چند سالوں میں جن پاکستانی کرکٹرز کے سیکنڈلز سب سے زیادہ منظرعام پر آئے ان میں شعیب اختر اور محمد آصف نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں کے سیکنڈلز تقریباً ایک جیسے ہیں ، دونوں ایک ساتھ ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے جرم میں مرتکب پائے گئے جبکہ خواتین کے ساتھ معاشقوں کے حوالے سے بھی آصف اور شعیب گزشتہ دوبرس میں دیگر ساتھی کرکٹرز پر سبقت لے گئے۔

پاکستان میں چونکہ فلمی صنعت نہ ہونے کے برابر ہے اور جو چند فلمی ہیرو موجود بھی ہیں اُن کے عمریں اتنا زیادہ ہیں لڑکیاں انہیں اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے بھی شرماتی ہیں اور دوسری یہ وجہ ہے کہ سارے فلمی ہیرو پنجابی زبان میں ڈائیلاگ بولتے ہیں اور مار دھاڑ والی فلموں میں کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستانی لڑکیوں میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

نہ صرف عام لڑکیوں میں اُن کی مقبولیت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے بلکہ فلمی ہیروئین بھی اُن سے دور بھاگتی ہیں۔اس حوالے سے کرکٹرز ہی واحد ہیرو ہوتے ہیں جنہیں عام لڑکیوں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری سے وابستہ خواتین چاہتی ہیں اور انہیں اپنا آئیڈیل سمجھتی ہیں لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں جو چندایک ”کام“کے سٹارز تھے وہ ڈرگز اور میچ فکسنگ کے سیکنڈلز کے زد میں رہے جس کی وجہ سے پاکستان میں آئیڈیل سٹارز کا قحط پڑا رہا ۔

لیکن ان سب تنازعات کے باوجود محمد آصف اور شعیب اختر لڑکیوں کی سب سے اولین پسند رہے ۔شعیب اختر کی پسندیدگی کیوجہ اُس کا تیز ترین باؤلر تو ہونا ہی تھا لیکن ساتھ ساتھ وہ اپنی شکل صورت سے بھی کسی فلمی ہیرو سے کم نہیں لگتے لیکن محمد آصف کو اس حوالے سے خوش قسمت کہا جاسکتا ہے کہ وہ شکل صورت سے تو بھولے بھالے لگتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ آئیڈیل قرار پائے۔

آصف کی فین فاؤلنگ میں اضافہ ہوسکتا تھا اگر وہ دبئی میں چرس کے الزام میں گرفتا رنہ ہوتے ،سٹیج اداکارہ دیدار اور وینا ملک کے ساتھ اُن کے سیکنڈلز نہ بنتے اور سب سے بڑھ کر وہ اگر ڈھنگ کے کپڑے پہننا زیب تن کرتے اور اپنی ڈریسنگ پر توجہ دیتے تو وہ اپنے معصومانہ چہرے کی وجہ سے مقبولیت میں شاہد آفریدی اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ سکتے تھے لیکن اپنے ”دیہاتی پن “کی وجہ سے وہ اُس پائے کے آئیڈیل نہ بن سکے جس کے شعیب اختر اور شاہد آفریدی ہیں لیکن اس سب کے باوجود آصف نے سیکنڈلز کے حوالے سے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

طویل عرصے سے وینا ملک کے ساتھ شادی کی خبروں کی گردش کے بعد بالآخر گزشتہ روز آصف نے کراچی سے تعلق رکھنے والی خوبصورت دلہن ثناء ہلال سے نکاح کرلیا۔لاہور میں ہونیوالی نکاح کی سادہ سی تقریب میں لڑکی اور آصف کے قریب عزیزوں نے شرکت کی جبکہ ساتھی کرکٹرز کراچی میں ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی کپ کھیلنے کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے، خود آصف نکاح کی وجہ سے کراچی سے ٹورنامنٹ چھوڑ کر ایک دن کیلئے لاہور آئے اوردوبارہ ٹورنامنٹ کھیلنے کراچی لوٹ گئے ہیں۔

آصف نے چھ ماہ بعد شادی کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے ۔آصف کے نکاح کے چند گھنٹوں کے بعد وینا ملک نے لاہور کے ایک ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں ایک پارٹی دی اور اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔آصف نے کتنا بڑا ظلم کیا کہ ایک تو وینا ملک کے ساتھ بے وفائی کی اوپر سے نکاح بھی اُس دن کیا جس دن وینا ملک کی سالگرہ تھی ، نجانے اُس کے دل میں کتنے ارمان تھے لیکن ماضی کی روایات کو برقرار کھتے ہوئے آصف نے بھی وینا ملک کی محبت کو ٹھکراتے ہوئے عین اُسی روز ثناء نامی لڑکی سے نکاح کرلیا جس روز وینا ملک کی برتھ ڈے تھی۔

وینا ملک اور آصف کا معاشقہ کسی سے ڈھکاچھپا نہیں ، وینا ملک نے کئی بار میڈیا کے سامنے اعتراف کیا کہ آصف اُس کا بہترین دوست ہے جس کو خا ص زبان میں ”بوائے فرینڈ “کہا جاتا ہے۔دونوں کی ایک ساتھ بسنت مناتے ہوئے تصاویر بھی منظرعام پر آئیں اور ایک دوسری جگہ وینا آصف کے گلے میں باہیں ڈال کرکھڑی ہے ، آصف ایک طویل عرصہ تک وینا ملک کی گاڑی استعمال کرتے رہے اور دونوں نے کافی عرصہ ایک ساتھ گزارا ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا میں یہ خبریں بھی اخبارات کی زینت بنیں کہ قومی ٹیم کی مسلسل ناکامی اور آصف کو بولنگ میں مار پڑنے پر وینا ملک نے اپنی قیمتی ایل سی ڈی سکرین توڑ ڈالی جس سے وینا کی آصف سے محبت کاثبوت ملتا ہے ۔آصف کے ساتھ وینا ملک کی محبت کے باقی انکشافات خود وینا ملک نے گزشتہ روز ایک میڈیا پارٹی میں کردئیے کہ ”میں نے آصف کے مشکل وقت میں اُس کا بھر پور ساتھ دیا“وینا ملک نے بتایا کہ میں نے آصف کی مالی طور پر بھی بھر پورمدد کی کیونکہ ہم ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست تھے اور یہ دوستی برقرار رہے گی۔

مالی طور پر آصف کی سپورٹ کرنے کے حوالے سے وینا کی بات بالکل درست ہے تاہم دوستی برقرار رہنے والی بات وینا کا سیاسی بیان ہے۔ وینا ملک نے بتایا کہ آج سے چند ہفتے پہلے آصف نے مجھے شادی کی پیشکش کی کیونکہ وہ جلدی شادی کرنا چاہتے تھے لیکن میں نے اپنے کیرئیر کی وجہ سے اُن سے دو سال کا وقت مانگا لیکن کیونکہ اُن کو جلدی تھی تو میں نے انہیں اجازت دیدی۔

وینا ملک نے یہ بات دل پر پتھر رکھ کر بولی ،کیونکہ وہ الفاظ جو بھی ادا کرے لیکن یہ کہتے وقت اُس کا چہرہ الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہا تھا۔اگر آصف کو وینا سے محبت تھی تو اُسے وینا کیلئے انتظارکرنا چاہئے تھا اور یوں اُسے ترک نہ کرتا اور اگر وینا ملک کو آصف سے محبت تھی تو محبت کے سامنے کیرئیر کیا حیثیت رکھتا ہے ؟۔لہذا اس سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ وینا ملک نے دوستی برقرار رہے گی والے بیان کی طرح یہ بھی سیاسی بیان دیا کہ آصف کو جلدی تھی اور میں نے اجازت دیدی۔

حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ آصف کے بارے میں یہ مشہورہے کہ وہ دل پھینک ہے ، وینا سے پہلے سٹیج اداکارہ دیدارکے ساتھ بھی آصف کی دوستی کے چرچے عام رہے جس سے آصف نے انکار کرنے سے بھی گریز نہیں کیا اور صحافیوں کو بتادیا تھا کہ دیدار سے اُس کی دوستی ہے۔صر ف آصف ہی نہیں اپنی شادی سے پہلے عمران نذیر اور دیدار کی دوستی کے چرچے بھی عام تھے۔شعیب اختر بھی اس کام میں کسی سے پیچھے نہیں رہے ،اُن کے بھی لاتعداد معاشقے منظرعام پر آئے اور بہت سے ایسے تھے جو میڈیا میں نہیں آئے، شعیب اختر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ گرل فرینڈایسے تبدیل کرتے تھے جیسے گرمیو ں میں کوئی شرٹس تبدیل کرتا ہے۔

اپنی جوانی کے دنوں میں شاہد آفریدی کی بھی پریم کہانیاں اخبارات کی زینت بنیں ،سہیل تنویر کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بھی آصف کی طرح دل پھینک ہیں اور آج کل شادی کیلئے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی کوشش میں ہیں ۔عمرگل کی بھی خاموش محبتوں کا دائرہ کافی وسیع تھا لیکن انہوں نے اس سے پہلے کوئی سیکنڈل منظرعام پر آتا چند ماہ قبل دبئی میں قیام پذیر ایک رشتہ دار لڑکی سے منگنی کرلی ہے ،عمرگل کی منگنی کی تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔

شعیب ملک محبت کے حوالے سے کوئی اچھی شہرت نہیں رکھتے ، بھارتی لڑکی عائشہ صدیقی سے نکاح سے مکرنے کے بعد بھارتی اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ عشق اور سیر وتفریح کی خبروں کے بعد شعیب ملک پاکستانیوں لڑکیوں میں اپنی مقبولیت کھو چکے ہیں اور آصف کے ہمراہ انہیں بھی” دل پھینک “اور محبت کو بھی کھیل سمجھ کر کھیلنے والاکھلاڑی سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ آصف کے ساتھ شعیب ملک بھی بہت کم عرصے میں آئیڈیل کی فہرست سے خارج ہوئے۔

آصف کا ثناء ہلال نامی لڑکی کے ساتھ نکاح اور وینا ملک کی افسردگی نے ایک بار پھر قومی کرکٹرز کو بے وفاؤں کا ٹولہ تو ظاہر کردیا ہے لیکن اس بات میں کتنا حقیقت ہے کہ کیا واقعی آصف کو وینا ملک سے محبت تھی یہ تو آصف ہی بہتر جاتنے ہیں ۔لیکن وینا کی طرف دیکھا جائے تو اُس کی آصف کے ساتھ محبت حقیقت ظاہر ہوتی ہے جس کا ثبوت وینا ملک کامشکل وقت میں آصف کا ساتھ دینا ،اُس کی خراب مالی حالات کو درست کرنا ،پراڈو جیسی قیمتی گاڑی گفٹ کرنااور سب سے بڑھ کر وینا ملک کا ببرک شاہ کے ساتھ اپنا ناطہ توڑنا نمایاں ہیں،انہی باتوں کی وجہ سے گزشتہ سال 28مئی کو لندن میں آصف اور وینا ملک کی خفیہ شادی کی خبریں بھی منظرعام پر آئیں لیکن یکم مارچ 2010ء کا دن دونوں کیلئے ناقابل فراموش دن ثابت ہوا جہاں ایک طرف آصف کا نکاح ہوا تو دوسری جانب وینا ملک دکھی دل کے ساتھ اپنی سالگر ہ کا کیک کاٹتے ہوئے آصف کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کررہیں تھی۔

کس کو کس سے حقیقی محبت تھی اس بارے میں تو وینا اپنے دل سے پوچھ لے اور آصف اپنے سے ،بس ہم تو یہی کہیں گے کہ ” یہ عشق نہیں آساں ،بس اتنا سمجھ لیجئے ،اک آگ کا دریا ہے ،اورڈوب کے جاناہے۔

مزید مضامین :