ٹرپل ایچ کی آٹھ ماہ بعد رنگ میں دوبارہ واپسی

Hhh Ki Wapsi

سمر سلام مقابلوں میں اس کا استقبال کسی ہیرو سے کم نہیں تھا طویل عرصے بعد ٹرپل ایچ ایک بار پھر شائقین کی آنکھ کا تارہ بن گئے

جمعہ 31 اگست 2007

Hhh Ki Wapsi
اعجاز وسیم باکھری ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر سٹار ریسلر اور سابق ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن ٹرپل ایچ آٹھ ماہ کے طویل عرصے بعد سمر سلا م مقابلوں میں لوٹ آئے ہیں اور انہوں نے پہلے ہی معرکہ میں کنگ بوکرٹی کو شکست دیکر اپنی واپسی کو یاد گار بنا دیا۔آٹھ ماہ قبل ٹرپل ایچ اپنے ساتھی شان مائیکل کے ہمراہ ڈبلیو ڈبلیو ای ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے مقابلے میں رینڈی اورٹن اور ایج کے خلاف خونریز لڑائی میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں سرجری کے مراحل سے گزرنا پڑا اور ایک طویل آرام کے بعد وہ ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں رونقیں بکھیرنے لوٹ آئے ہیں۔

رنگ سے اوجھل ہونے سے قبل ٹرپل ایچ اور شان مائیکل نے DXکے نام سے ایک گروپ بنا رکھا تھا جس میں محض یہ دو پہلوان ہی شامل ہیں جنہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں اپنی دھاک بیٹھا رکھی تھی ٹرپل ایچ اور شان مائیکل ادارے سے وابستہ تمام پہلوانوں کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کرچکے تھے لیکن بدقسمتی سے رینڈی اروٹن اور ایج کے خلاف تاریخ سے معرکہ میں ”دی گیم“شدید زخمی ہوگئے جسے فوری طور پر برمنگھم میں اپنے سرجن کے پاس جانا پڑا ٹرپل ایچ شدید زخمی ہونے کی وجہ سے شان مائیکل کے ہمراہ ٹیم ٹیگ چیمپئن کے اعزاز سے دستبردار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ٹرپل ایچ کی عدم موجودگی میں شان مائیکل بالکل تنہا ہوگئے لیکن اب ٹرپل ایچ کی واپسی کے بعد اس بات کا انتظار کیا جارہاہے کہ کیا DXگروپ ایک بار پھر متحرک ہوجائیگا ؟ٹرپل ایچ نے واپسی پر ایک بار پھر مسٹر میک موہن کو تنگ کرنا شروع کردیا اور تمام سلسلے وہیں سے شروع کیے جہاں وہ چھوڑ کرگئے تھے لیکن ابھی تک وہ شان مائیکل کے ہمراہ کسی مقابلے میں شریک نہیں ہوئے لیکن اس بات قوی امکانات ہیں کہ DXایک بار پھر متحرک ہوجائیگا ۔

ٹرپل ایچ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے ایک بہت بڑے باب ہیں ۔گوکہ اسے شائقین اور ناقدین کی جانب سے ہمیشہ شدیدتنقید کا سامنا رہا لیکن اس کے باوجود وہ آج بھی شائقین کی آنکھ کا تارہ ہیں ۔سمر سلام 2007ء مقابلوں میں جب ان الفاظ میں ٹرپل ایچ کا تعارف کیا گیا کہ260پونڈ وزن اور 6 فٹ 4 انچ قد کے حامل ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے دوسرے گرینڈ سلام چیمپئن‘ پانچ مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن‘ پانچ مرتبہ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن‘ پانچ مرتبہ انٹرکانٹینٹل چیمپئن‘ ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن‘ ڈبلیو ڈبلیو ای ٹیگ ٹیم چیمپئن‘ سابق رائل رمبل چیمپئن‘ کنگ آف دی رنگ چیمپئن‘ سابق یو ایس اے چیمپئن‘ یورپئین چیمپئن اور ایو لوشن اور DXگروپ کے بانی خود کو ”دی گیم“ کہلانے والے” ہنٹر ہرسٹ ہمسلے” المعروف ٹرپل ایچ رنگ میں تشریف لاتے ہیں اور جب ٹرپل ایچ شائقین کے سامنے نمودار ہوئے تو اس کا استقبال کسی ہیرو سے کم نہیں کیا گیا ، اس وقت ٹرپل ایچ کے چہرے پر ایک خوشگوار مسکراہٹ تھی اور وہ شاید تاریخ میں پہلی بار طویل عرصے بعد واپسی پر شائقین سے خندہ پیشانی سے پیش آئے کیونکہ وہ ہمیشہ شائقین کو غصہ کے نگا ہ سے دیکھتے تھے جس کی وجہ سے ٹرپل ایچ اور شائقین کے درمیان ایک بہت بڑی فصیل قائم تھی لیکن شان مائیکل کے ہمراہ ملکر ٹرپل ایچ جتناوقت بھی ڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں رہے انہیں شائقین کی جانب سے زبردست داد ملی اور وہ بہت جلدشائقین کے ہارٹ فیورٹ ریسلرز میں شامل ہوگئے ۔

ٹرپل ایچ کے کیرئیر پر اگر نظر دوڑائی جائے تووہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں ریکارڈز اور فتوحات کے حوالے سے سب سے نمایاں مقام پر نظر آتے ہیں۔ٹرپل ایچ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ وہ پہلے ریسلرہیں جنہیں ادارے سے منسلک تمام بیلٹس جیتنے کا اعزازحاصل ہے۔و ہ اولین ریسلر ہیں جو پانچ بار ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں ،دوسری جانب پانچ مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کی بیلٹ جیتنے کی بدولت ٹرپل ایچ دس مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے اولین ریسلر ہیں۔

ٹرپل ایچ کے سابق ساتھی ر ک فلیئر کو 16مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل ہے مگر وہ محض ایک بار ڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں عالمی چیمپئن بننے میں سرخرو ہوئے جبکہ 15باروہ ڈبلیو سی ڈبلیو کے عالمی چیمپئن رہے اس لیے ڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں سب سے زیادہ دس مرتبہ ورلڈچیمپئن کا تاج پہننے کا منفرد اعزاز محض ٹرپل ایچ کے پاس ہے۔ٹرپل ایچ ہر لحاظ سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے مضبوط ترین چیمپئن تصو ر کیے جاتے تھے اپنے عروج کے دنوں میں وہ کسی بھی حریف کو خاطر میں نہیں لاتے تھے آخر ایک دن اس کے اپنے ساتھی اور شاگرد بٹیسٹا اس کا زوال بن کر سامنے آئے اور ٹرپل ایچ کی طویل بادشاہت کا خاتمہ کردیا ۔

بٹیسٹا نے ریسل مینیا 21میں ٹرپل ایچ کو شکست سے دوچار کر کے اپنی دھاک بیٹھا دی اس کے بعد مسلسل چار مرتبہ دونوں عالمی چیمئپن شپ کی بیلٹ کے مقابلے میں آمنے سامنے آئے لیکن ہر بار فتح بیٹسٹا ہی کی مقدر ٹھہری تب سے اب تک ٹرپل ایچ کوئی بڑ ا اعزاز جیتنے میں ناکام چلے آرہے ہیں اس کا بنایا ہوا ایولوشن گروپ بھی ماضی کا حصہ بن چکا ہے اور تمام ساتھی جد ا ہوگئے ہیں لیکن ٹرپل ایچ ایک بار پھر شائقین کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیا ب ہوچکے ہیں کیونکہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اوچھے ہتھکنڈے اپنانے سے گریز کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آٹھ ماہ کے طویل عرصے بھی ٹرپل ایچ کی واپسی سے شائقین کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔

ٹرپل ایچ اور شائقین کے درمیان کتنا عرصہ خوشگوار تعلقات رہتے ہیں یہ فیصلہ آنے والہ وقت ہی کریگا۔

مزید مضامین :