حدہوگئی، پاکستان کو مسلسل چوتھے ون ڈے میں بھی شکست

Pakistan Lose 4th Odi

شائقین ٹیم کی کارکردگی سے سخت مایوس، ایسی کارکردگی ملکی کی بدنامی کے ساتھ ساتھ کرکٹ کی تباہی کا سبب بھی بنتی ہے کیا گروپ بندی یا اللہ کی ناراضگی ٹیم کی شکست کا سبب بن رہی ہے؟اردوپوائنٹ کے قارئین کیا سوچتے ہیں ؟

ہفتہ 30 جنوری 2010

Pakistan Lose 4th Odi
اعجازوسیم باکھری: قارئین: کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور یہ کھیل ملک میں سب سے زیادہ دیکھا اور کھیلا جاتاہے لیکن قومی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں اور پے درپے شکستوں نے نہ صرف شائقین کو مایوس کردیا ہے لیکن لوگوں کو اب کرکٹ سے نفرت ہونا شروع ہوگئی ہے۔کرکٹ کے چاہنے والوں میں ٹیم کی شکست پر شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے کیونکہ ٹیم پہلے تین ٹیسٹ میچز میں ناکام ہوئی اور اب ون ڈے سیریز کے ابتدائی چارمیچز میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔

کھیل میں ہار جیت ایک عام سی بات ہے لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم جس طرح مسلسل ناکامیوں کے تاج پہنتی چلی جارہی ہے یہ کسی بھی صورت میں قابل و قبول نہیں ہے کیونکہ یہ ہارصرف11کھلاڑیوں کی ہار نہیں ہے ، یہ پاکستان کی ہارہے۔پاکستان کے 18کروڑ عوام کو اپنی کرکٹ ٹیم سے محبت ہے اور کرکٹ سے عوام کی جذباتی وابستگی ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے ٹیم جب مسلسل شکست کی راہ پر چل پڑتی ہے تو لوگ کرکٹ دیکھنا چھوڑ دیتے ہیں اور دوسروں کو کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے سے منع کرتے ہیں۔

ایسے میں کرکٹ کا شدید نقصان ہوتاہے اور نوجوانوں میں کرکٹ کھیلنے کا شوق ماند پڑجاتا ہے اور ڈومیسٹک سطح سے کرکٹ کی جڑیں کھوکھلی ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔یہی سب کچھ پاکستان میں ہورہا ہے۔ ٹیم کی لگاتارناکامیوں پر شائقین اس حد تک دلبرداشتہ ہوچکے ہیں کہ چوتھا میچ اکثریت نے نہیں دیکھا۔عام پاکستانیوں کی طرح میں بھی پہلی باراپنی ٹیم سے اس حد تک مایوس ہوچکا ہوں کہ بار بار ٹیم کی ناکامیوں پر آرٹیکل لکھنا اب میرے لیے مشکل ہوچکا ہے۔

پہلے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ہرمیچ کی ناکامی پر آرٹیکل لکھا، اُس کے بعد پہلے دوسرے اور مسلسل تیسرے میچ میں بھی شکست پر آرٹیکل لکھنے کے بعد مجھے امیدتھی کہ چوتھے میچ میں پاکستان جیت جائیگا لیکن بدقسمتی سے چوتھے میچ میں ایک بار پھر قومی ٹیم شکست کھا گئی جس پرخود آرٹیکل لکھنے کی بجائے اس بار اپنے قارئین کی رائے جاننے کافیصلہ کیا ہے۔

میں مسلسل تین میچز میں ناکامی پراپنے جذبات قارئین تک پہنچا چکا ہوں ،بے شمار تجاویز لکھیں، شکست کے جواسباب مجھے نظرآئے وہ درج کیے، لیکن آخرکب تک باربارٹیم کی ناکامی پر لکھا جاسکتا ہے۔سومیں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی مسلسل چوتھی ناکامی پر اردوپوائنٹ کے قارئین اپنے جذبات کا اظہار کریں اور بتائیں کے اُن کی نظرمیں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کی وجوہات کیا ہیں۔کیسے اس بحران سے ٹیم نکل سکتی ہے۔اس مایوس کن کارکردگی کا ذمہ دارکون ہے۔کس کی چھٹی کرانی چاہئے اور کسے واپس ٹیم میں شامل کرنا چاہئے۔آپ اپنے تعارف کے ساتھ ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پراپنی تجاویزاور آراء سے ہمیں آگاہ کریں۔ آپ کے تبصرے کو اگلے روزآپ کے تعارف کے ساتھ اردوپوائنٹ پر شائع کیا جائیگا۔

مزید مضامین :