شان مائیکل …ریسلنگ کی دنیا کا بے تاج بادشاہ

Shawn Michaels

ایچ بی کے42سال کی عمر میں بھی اپنے حریفوں کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا پہلا گرینڈسلم چیمپئن ریسلر ہے

بدھ 19 دسمبر 2007

Shawn Michaels
اعجاز وسیم باکھری: شان مائیکل کا نام ڈبلیو ڈبلیو ای میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اس کا ایک ایک انداز اس کی منفرد پہچان کا آئینہ دار ہے ڈبلیو ڈبلیو ای کی 28سالہ تاریخ میں بے شمار ایسے ریسلر آئے جو شائقین کی آنکھ کا تارہ بن رہ گئے مشرق سے لیکر مغرب تک ان ریسلرز نے مقبولیت کی سارے ریکارڈ توڑدیے ان میں ایک نام شان مائیکل کا بھی ہے جو ان سب سے الگ تھلگ اور ایک منفرد سٹائل کا مالک ریسلر ہے جسے ”دی ہارٹ بریک کڈ“یعنی( ایچ بی کے )کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔

شان مائیکل کا اصل نام( مائیکل ہیکن بوٹم)ہے جبکہ ان کے بے شمار نک نیم بھی ہیں جن میں دی شوسٹاپر“دی مین ایونٹ“دی آئیکین،دی ہیڈ لائنراور مسٹرریسل مینیا جیسے ناموں سے وہ اپنے کیرئیر کے مختلف ادوار میں پکارے جاتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شان مائیکل ان دنوں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ذیلی ادارے ”را“سے وابستہ ہیں اور وہ ایک طویل عرصے بعد انجری سے چھٹکارہ پانے کے بعد ایک بار پھر رنگ میں لوٹ آئے ہیں ۔

واپس آتے ہیں شان مائیکل اور رینڈی اورٹن کی آپس میں ٹھن گئی دونوں کے درمیان کئی خونریز کشتیاں لڑیں گئیں لیکن شان مائیکل اورٹن کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے پہلے گرینڈ سلم چیمپئن6 فٹ ایک انچ قد وقامت کے مالک شان مائیکلز نے اپنے کیرئیر کا آغاز آج سے 23برس قبل کیا تھا اور اس وقت شان مائیکل کی موجودہ عمر 42برس ہے ایچ بی کے کی تاریخ پیدائش22جولائی 1965ء کی ہے شا ن مائیکل اپنی عمرسے کئی برس کم لگتے ہیں جس کا تمام تر کریڈٹ شان کی بھر پور محنت اور فٹنس کو جاتاہے جس کی بدولت وہ آج 42برس کی عمر میں بھی اپنے حریفوں کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں اور خود کو عالمی سکرین پر برقرار رکھا ہوا ہے۔

شان مائیکل ڈبلیو ڈبلیو ای میں بطور ریسلررہنے کے ساتھ ساتھ دیگر کئی عہدوں پربھی کام کرچکے ہیں۔وہ ریفری ،منیجر اور جج کی حیثیت سے متعدد بار اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے جو کہ شان مائیکل کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔شان مائیکل کا تعلق ایک فوجی فیملی سے ہے مائیکل کی ریسلنگ تربیت ماضی کے عظیم چیمپئن جوزجوتیرو نے کی۔شان مائیکل کو مسلسل دو بار رائل رمبل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے ”ایچ بی کے“ اپنے کیرئیر میں 6بار ورلڈچیمپئن بنے۔

وہ پہلی بار 1996ء میں ریسل مینیا میں بریٹ ہار ٹ کو مات دیکر عالمی چیمپئن بنے اور بدقسمتی سے اسی سال سرائیور سیریز میں وہ سیکو سیڈ کے ہاتھوں اپنے ٹائٹل سے محروم ہوگئے۔تاہم اگلے برس مائیکلز نے رائل رمبل مقابلوں میں سیکوسیڈ کو زیر کرکے اپنا اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا آگے چل کر شان مائیکل نے کئی خونی مقابلے لڑے جن کی بدولت وہ زخمی ہوگئے اور ریسل مینیا 13میں وہ بریٹ ہارٹ کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی بجائے عالمی چیمپئن کی بیلٹ سے دستبردار ہوگئے۔

صحت یاب ہونے کے بعد مائیکلز نے واپسی پر سٹون کولڈ سٹیوآسٹن کے ہمراہ ٹیگ ٹیم جوڑی بنائی جس نے آ گے چل کر ورلڈٹیگ چیمپئن شپ جیتنے کا کارنامہ سرانجام دیا ۔کچھ عرصہ گزرنے کے بعد شان مائیکل نے بریٹ ہارٹ کی ورلڈچیمپئن کی حیثیت کو چیلنج کیا لیکن اس وقت ہٹ مین ہارٹ اور ڈیڈمین (انڈر ٹیکر)کی رقابت عروج پر تھی تو انتظامیہ نے عالمی چیمپئن شپ کا مقابلہ ٹرپل تھریٹ طرز پر کرانے کا فیصلہ کیا جہاں شائقین کو بریٹ ہارٹ ،انڈیر ٹیکر اور شان مائیکل ایک ساتھ رنگ میں کھڑے نظر آئے۔

ناقدین اس مقابلے کو ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا سب سے متنازع ترین مقابلہ قرار دیتے ہیں جہاں بریٹ ہارٹ کو فاتح قرار دیا گیا لیکن دیگر حریفوں نے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا جس سے ایک بہت بڑا بحران کھڑاہوگیا تاہم ادارے نے اپنی من مانی کرتے ہوئے بریٹ ہارٹ کو چیمپئن برقرار رکھا۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں پہلی ہیل اینڈ سیل فائٹ پہلی بار شان مائیکل اور انڈر ٹیکر کے درمیان متعارف کرائی گئی جہاں دونوں کے درمیان ایک گھمسان کی لڑائی دیکھنے کوملی لیکن آخر میں انڈر ٹیکر کے سوتیلے بھائی کین نے اپنے بھائی کی معاونت کرکے انڈٹیکر کو ٹائٹل جتوادیا۔

شان مائیکل کی اپنے کیرئیر میں سب سے زیادہ رقابت بریٹ ہارٹ سے رہی دونوں نے آپس میں کئی خونریز مقابلے لڑے 1997ء میں سرائیور سیریز کے مقابلوں میں شان مائیکل اور بریٹ ہارٹ کے درمیان ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور طویل ترین مقابلہ لڑا گیا جہاں ڈبلیو ڈبلیو ای کی چیمپئن شپ کے مقابلے میں61منٹ کی گھمسان کی لڑائی کے بعد شان مائیکل نے فتح حاصل کی۔

مقابلے کے اختتام پر دونوں حریفوں کو میڈیکل کی ٹیمیں اسٹریچر پر اٹھا کر لے گئیں۔ریسلنگ کی تاریخ میں پہلا اور آخری مقابلہ تھا جہاں دونوں پہلوانوں کا اس قدر خون بہا کہ رنگ کے تختے سرخ ہوگئے اس مقابلے میں کامیابی کے بعد شان مائیکل بیک وقت یورپی چیمپئن اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے والے اولین ریسلر بن گئے۔1998ء میں مائیکل ایک مقابلے میں زخمی ہوگئے اور ان کی واپسی اس بار ایک ریسلر کی نہیں بلکہ سارجنٹ سلاٹر کی جگہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے کمشنر کے طور پر ہوئی جہاں شان مائیکل نے ادارے میں ایک نظم وضبط روایات ڈالی۔

2002ء میں شان مائیکل اور ٹرپل ایچ کے مابین شائقین کو شدید دشمنی دیکھنے کوملی۔اسی عرصے میں شان مائیکل نے ٹرپل ایچ کو شکست دیکر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا مگر ”دی گیم“نے محض ایک ماہ بعد“ ایچ بی کے“ کو ہرا کر اپنا ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کیا۔شان مائیکل نے اپنے 23سالہ کیرئیر میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا ہر اعزاز جیتا اور بڑے سے بڑے ریسلر کو نیچا دکھایا۔

مائیکل کا سب سے بڑا ہتھیار ”سویٹ چین میوزک“کک ہے جو وہ ایک منفرد انداز سے حریف پہلوان کے منہ پر وار کرکے لگاتے ہیں جس سے بہت کم ریسلر بچ پاتے ہیں ورنہ شان مائیکل کا یہ داؤ مقابلے کا آخری وار ثابت ہوتا ہے۔عموماً شان مائیکل یہ داؤ اس وقت استعمال کرتے ہیں جب کشتی اینڈ کے قریب ہوتی ہے۔شان مائیکل کو اپنے کیرئیر میں پانچ سے زائد مرتبہ سال کا بہترین ریسلر قرار دیا گیا جبکہ وہ مسلسل دو بار ڈبلیو ڈبلیوای کے 500بہترین ریسلرز میں سرفہرست رہے جو کہ شان مائیکل کے عظیم ریسلر ہونے کا زندہ جاوید ثبوت ہے۔

شان مائیکل کی یہ خوبی رہی ہے کہ وہ ہمیشہ غیر متنازعہ کشتی لڑتے ہیں اور کبھی شان مائیکل نے رنگ میں کھڑے ہوکر دیگر ریسلرز کی طرح شائقین سے غیر اخلاقی زبان استعمال کی ۔شان مائیکل دورحاضر کا اولین ریسلر ہے جسے شائقین کی جانب سے اس کی ایک ایک حرکت پر بھر پور داد دی جاتی ہے۔

مزید مضامین :