ریسلنگ میں”انڈر ٹیکر“ کا خوف

Undertaker

انڈرٹیکر نے اپنے عروج اور اعزازت کے بعد جون2020ء میں ریسلنگ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 2 جولائی 2020

Undertaker
انڈرٹیکر ریسلنگ کی دُنیا میں ایک خوف کا نام۔ انڈر ٹیکر کا مطلب ہے تابوت تیار کرنے والا۔ کالے کپڑے، لمبا کالا اوور کوٹ اور سر پر کالی فیلٹ ہیٹ ۔ لہذا اُنکا اسٹوری لائن کے مطابق کردار ایک ایسے مافوق الفطرت طاقت ور کا ہوتا جو اپنے مخالف کیلئے خوف کی علامت بن کر رِنگ میں داخل ہو تا ۔پھر وہ کسی بھی حد تک جا کر اُس کو نقصان پہنچاتے ہوئے شکست دینے کی کوشش کرتا ۔

ڈ یتھ ویلی ،آنکھیں ڈراؤنی بنا لینا، تا بوت کا استعمال ، دفنا دینا یا آگ لگا دینے جیسی کسی بھی پراسرار ترکیب کو مقابلہ کا حصہ بنانا اُسکے کردار کی اہم ضرورت ہو تا ۔ ذاتی زندگی میں بھی عشق و محبت کی داستانوں کے بغیراُنکی 3شادیاں کسی پراسرایت سے کم نہیں۔ پہلی شادی اُنھوں نے 1989ء میں جوڈی لائن سے کی اور 10سال بعد دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔

(جاری ہے)

جوڈی سے اُنکا ایک بیٹا پیدا ہوا۔طلاق کے چند ماہ بعد ہی اُنھوں نے دوسری شادی2000ء میں سارہ فرینک سے کر لی جس میں کہیں محبت کی جھلک نظر آتی ہے۔کیونکہ طلاق کے بعد فوراً شادی اور دوسرا 2001ء میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک مقابلے میں جب انڈرٹیکر ہیوی موٹربائیک پر رِنگ کی طرف آرہے تھے تو اُنکے پیچھے بیٹھی ہوئی تھیں سارہ فرینک۔لہذا اُس دن دونوں کی شادی کا راز افشاں ہونا۔

انڈرٹیکر سارہ کو اتنا پسند کرتے تھے کہ اُنھوں نے اپنی گردن کے سامنے گلے پر سارہ نام کا ٹیٹو بنوا لیا تھا۔ لیکن پھر2007ء پر دِل پر پتھر رکھتے ہوئے دونوں نے اپنے راستے جُدا کر لیئے۔انڈرٹیکر کی اُن سے2 بیٹیاں پیدا ہوئیں۔سارہ سے طلاق کے بعد اُنھوں نے گردن سے ٹیٹو کو ایک سیدھی موٹی لائن کی شکل میں بدل دیااور چند سال اُداسی میں گزارنے کے بعد2010ء میں اپنے سے 15 سال چھوٹی ادارے کی سابقہ ریسلر خاتون مشیل میکول سے شادی کر لی جنکی پہلی شادی جرمی الیگزنیڈر سے ہوئی تھی اور ایک بچہ تھا۔

انڈرٹیکر سے اُنکے ہاں2012ء میں ایک بیٹی پیدا ہوئی ۔ بعض اہم شخصیات کی قسمت کی ڈور اُنکو وہاں لے جاتی ہے جہاں سے اُنکی زندگی کا سفر اُنکے منفی و مُثبت فیصلوں کی لڑی ثابت ہو تا ہے۔ انڈرٹیکر کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ۔ ریسلر انڈرٹیکر کا اصل نام مارک ولیم کلوے اور عُرفیت " دِی فینوم" ہے۔وہ 24 ِ مارچ 1965 کو شہر ہیوسٹن ، ریاست ٹیکساس ،امریکہ میں پیدا ہوئے۔

والد کا نام فرینک کمپیوٹن کلوے ہے جو انڈرٹیکر کی زندگی کے فیصلوں میں اُنکے حامی رہے اور اُنکا انتقال 22 ِ جولائی 2003ء میں ہوا۔ والدہ کانام بٹی کیتھرین ٹروبی ہے ۔ انڈرٹیکر کے چار بڑے بھائی ہیں: ڈیوڈ ، مائیکل ، پال اور ٹیمو تھی۔ٹیموتھی کا63 سال کی عمر میں20 ِمارچ 2020 ء کو انتقال ہو گیا تھا۔مشہور ریسلر کین کا انڈر ٹیکر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انڈرٹیکرنے والٹریپ ہائی اسکول ہیوسٹن میں تعلیم حاصل کی۔ حسب ِمعمول دوسرے طلباء کی طرح فٹ بال اور باسکٹ بال ٹیموں کا حصہ رہے۔ 1983ء میں اُنھوں نے اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد باسکٹ بال کی بنیاد پر اسکالرشپ ملنے پر ٹیکساس کے شہر لوفکن کے انجلینا کالج میں تعلیم حاصل کرنا شروع کر دی۔ 1985ء میں اُنھوں نے شہر فورٹ ورتھ ، ٹیکساس میں ٹیکساس ویزلیان یونیورسٹی میں داخلہ لیا ۔

1986ء میں اُنھوں نے کھیلوں کے کیریئر پر توجہ دینے کے لئے یونیورسٹی سے علحیدگی اختیار کر لی اور یورپ میں پیشہ ور باسکٹ بال کھیلنے پر غور شروع کر دیا ۔اس دوران ہی ریسلنگ کی تربیت حاصل کرنے کا شوق پیدا ہو گیااور پھر اگلے چند سالوں میں ہی پیشہ وارانہ ریسلنگ کے باب میں ایک اور بہت بڑے نام " انڈر ٹیکر"کا اضافہ ہو گیا۔ انڈرٹیکر نے ڈبلیو سی سی ڈبلیو کی طرف سے "ٹیکساس ریڈ" کے رِنگ نام سے ڈبیو مقابلے میں ریسلر بروزر بروڈی سے شکست کھائی۔

لیکن پھر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہوا اور مختلف ریسلنگ اداروں کی طرف سے مقابلوں میں ہار جیت کے دوران یو ایس ڈبلیو اے یونیفائیڈ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن اور ڈبلیو سی ڈبلیو اے ٹیکساس ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جیت لی۔ اُن دنوں وہ " دِی ماسٹر آف پین" کے رِنگ نام سے میدان میں تھے۔ پھر 1989ء میں ڈبلیو سی ڈبلیو کے ایونٹ مڈ کارڈ میں "مین مارک کالوس" کے نام سے رِنگ میں نظر آنا شروع ہوئے۔

یہ ایک بدمعاش وِلن کردار تھا جس میں اُنھوں نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا اوراُنھیں پالتو سانپوں کا شوقین اور اوزی اوزبورن کی موسیقی کا شوق رکھنے والا دِکھایا۔یہ کردار اُنکو بھا گیا لہذا اس دوران مختصر عرصہ کیلئے نیو جاپان پرو ریسلنگ (این جے پی ڈبلیو) میں بھی "پنشنرڈائس مورگن" کا رِنگ نام اَپنا کر ریسلنگ کی۔ انڈر ٹیکر ایک طرف کامیابیاں سمیٹ رہے تھے اور دوسری طرف اپنے قد6 فُٹ10 اِنچ ،140 کلو وزن اور مختلف خوفناک ناموں کے ساتھ اپنی پہچان بناتے ہوئے پہنچ گئے اپنی سب سے اہم منزل ڈبلیو ڈبلیو ای میں۔

اکتوبر1990 ء میں ادارے کے معاہدے پر دستخط کیئے اوررِنگ میں کھڑے ہو ئے "کین دِی انڈ ر ٹیکر" کے نام سے ۔پہلا مقابلہ ٹیگ ٹیم کا حصہ بن کر کیا اور جیت گئے ۔ پھر کین ہٹاکر صرف "انڈر ٹیکر" نام اپنا لیا ۔سات سال بعدیہی "کین"والا رِنگ نام مِل گیا مشہور زمانہ ریسلر " گلین تھامس جیکبس" کو۔ 1997 ء میں انڈرٹیکر اور کین کی "دِی برادرز آف ڈسٹرکشن" کے نام سے ایک ٹیگ ٹیم ترتیب دے دی گئی اور " ہاف برادر" کی اصطلاح استعمال کی گئی۔

جس کے بعد کبھی دونوں ایک ہو کر اور کبھی ایک دوسرے کے مخالف ہو کر رِنگ میں زبردست مقابلے کرتے اور بعض مقابلوں میں اُن دونوں کیلئے ایسی اسٹوری لائنز ترتیب دی جاتیں کہ شائقین بھی ششدر رہ جاتے ۔بہرحال اُنکی ٹیم 3 ٹیگ ٹیم چیمپئین شپ جیتنے میں کامیاب رہی اور اس وجہ سے شائقین اُن دونوں کا واقعی سوتیلا بھائی سمجھنے لگے۔جب کے ایسا کچھ نہیں تھا۔

انڈر ٹیکر کا تقریباً ہر مقابلہ یادگار ہے جن میں سے ایک مقابلے کے دوران کین اسٹوری لائن کے مطابق انڈرٹیکر کو مارتے ہوئے ر ِنگ سے باہر پڑے ہوئے ایک تابوت میں پھینک کر اُس کو آگ لگا دیتا ہے: تاہم ، جب تابوت کھولا جاتا ہے تو اندر کوئی نہیں ہوتا۔ اس کے بعد انڈرٹیکر کی آواز سنائی دیتی ہے کہ "کین ، جب تک ہم اس راستے سے ایک بار پھر سے نہیں گزر جاتے ہیں ، میں کبھی بھی سکون سے آرام نہیں کروں گا!" ۔

ایک اور مقابلے میں رِنگ کے چاروں طرف آگ لگا کر انڈر ٹیکر کے بمقابلہ کین ہوتے ہیں۔جیت کا اصول زور آزمائی کے دوران آگ سے بچنا ہے۔جو چُھو گیا وہ ہار گیا۔کافی دیر تک مقابلہ رِنگ کے اندر باہر جاری رہتا ہے ۔بلکہ جب کین انڈر ٹیکر کر اُٹھا کر آگ پر پھینکتا ہے تو وہ کس طرح آگ سے بچ کر اُوپر سے گز ر تے ہوئے باہر جا گرتے ہیں اور پھر کین جب مقابلے کیلئے چھلانگ مار کر باہر آتا ہے تو زور آزمائی میں کس طرح انڈرٹیکر کے ایک داؤ کی وجہ سے کین کا پاؤں رِنگ کے باہر سے ہی آگ کو چُھو جاتا ہے اور وہ شکست کھا جاتا ۔

کمال کا دیکھنے والا مقابلہ تھا۔ ٹریپل ایچ اور رَاک کے درمیان پوائنٹس پر ریسلنگ کا مقابلہ جاری تھا اور ریفری ریسلر شان مائیکل تھے۔پوائنٹس 5,5 برابر تھے کہ اچانک انڈرٹیکر پہلی دفعہ رِنگ کی طرف ہیوی موٹربائیک پر آتے ہیں اور کیسے ہال میں ایک شور سُنائی دیتا ہے۔واہ!رِنگ میں جا کر رَاک کی طرفداری کرتے ہوئے ٹریپل ایچ کو مارتے ہیں ۔جس پر ریفری شان مائیکل غصے میں ٹریپل ایچ کو کامیاب قرار دے دیتے ہیں۔

انڈرٹیکر مسلسل 21 مرتبہ ریسل مینیا میں جیتنے والے واحد ریسلر ہیں ۔لہذا اُنکے اس تسلسل کو" دِی اسٹریک " سیریز کا نام دیا گیااور گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بھی بنا یا گیا۔ آخرکار 2014 ء میں اُنکو پہلی دفعہ ریسل مینیا میں ریسلر بروک لیسنر نے شکست دے کر تسلسل توڑ دیا۔پھر ریسل مینیا33 میں جب رومن رینز نے بھی انڈر ٹیکر سے مقابلہ جیت لیا تو انڈٹیکر (ڈیڈ مین) جان گیا کہ اب اُس کا عروج ختم ہو گیا ہے ۔

اُس نے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا اور اپنے دستانے،ہیٹ اور کوٹ رِنگ میں چھوڑ کر رُخصت ہو گئے۔پرستار اُداس تھے کہ ریسل مینیا 36(2020ء)میں انڈرٹیکر اپنے ہیبت ناک رُوپ میں اے جے اسٹائل کا مقابلہ کرتے ہوئے نظر آئے پھر اسٹوری لائن کے مطابق انڈر ٹیکر نے اُس ڈرامائی میچ میں معروف ریسلر اے جے اسٹائل کو زندہ دفن کر کے اپنا برئیڈ آلائیو کا کردار زندہ کر دیا ۔

انڈرٹیکرایک مایہ ناز ریسلر ر و اداکار اور17 ملین ڈالر کے مالک ہیں ۔اپنے خوفناک کردار سے بالکل مختلف خوشگوار موڈ کے ساتھ اپنے پرستاروں سے ملنے والے اوراپنی دوسری بیوی سارہ کے ساتھ مل کر جانوروں کے تحفظ کے فنڈ کیلئے ایک ادارہ بھی قائم کر چکے ہیں۔ لیکن وہ اپنی یادوں میں کہتے ہیں کہ اُنکے ساتھ مقابلہ کرنے والوں میں چند نے اُنکو ٹف ٹائم دیا جن میں بریٹ ہارٹ، کرٹ اینگل،بیٹسٹا،رِک فلیئر،ٹریپل ایچ اور شان مائیکل شامل ہیں۔

اسطرح مقابلوں کی فہرست بھی بہت لمبی ہو جائے گی۔بہتر ہے کے انڈرٹیکر نے ریسلنگ کے میدان میں جو اعزازت حاصل کیئے ہیں اُن میں سے اہم کا ذکر کر لیا جائے: ڈبلیو سی ڈبلیو ٹیگ ٹیم چیمپیئنشپ (1 بار) - کین کے ساتھ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین شپ (3 بار) ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای چیمپئین شپ (4 بار) ڈبلیو ڈبلیو ہارڈ کورچیمپئن شپ (1 بار) ڈبلیو ڈبلیو ایف ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپین شپ (6 بار) : اسٹون کولڈ اسٹیو آسٹن (1) ، بگ شو (2) ، دی راک (1) ، اور کین (2) کے ساتھ رائل رمبل (2007) سلیمی ایوارڈ (12 بار) انڈرٹیکر نے اپنے عروج اور ان سب اعزازت کے بعد جون2020ء میں ریسلنگ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ۔

مزید مضامین :