ریسلراوون ہارٹ | چھلانگ موت کے مُنہ میں لے گئی

Wrestler Owen Hart

اوون اور انکی بیوی مارتھا کے خاندانوں نے اوون کی حادثاتی موٹ پر ڈبلیو ڈبلیو ای کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور حادثے کی اہم وجہ سامان کی خرابی خصوصاً ٹرن بکل کی کوالٹی کو زیر ِبحث لا یا گیا

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 15 اکتوبر 2020

Wrestler Owen Hart
اوون جیمز ہارٹ 7 مئی 1965 ء کو کیلگری ، البرٹا، کینیڈا میں پیدا ہوئے ۔ وہ اسٹمپڈ ریسلنگ کے پروموٹرز" اسٹو اور ہیلن ہارٹ "کے 12 بچوں میں سب سے چھوٹے تھے اور نامور ریسلر بریٹ ہارٹ کے بھائی بھی۔ لہذا خاندانی کھیل کو اپناتے ہو ئے وہ بھی ایک پیشہ ور ریسلر بن گئے۔ جنہوں نے اسٹیمپڈ ریسلنگ ، نیو جاپان پرو ریسلنگ (ڈبلیو سی ڈبلیو) سمیت متعدد پروموشنز میں ریسلنگ کے مقابلے کیئے۔

لیکن اُنھوں نے اپنی زیادہ تر کامیا بیاں ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای میں حاصل کی ، جہاں اس نے اپنے نام اور رِنگ نام" دِی بلیو بلیزر" کے تحت ریسلنگ کی۔ اوون ہارٹ کی بیوی مارتھا جان پیٹرسن نے اپنی کتاب " بروکن ہارٹس" میں تحریر کیا ہے کہ اوون ہارٹ کی اولین ترجیح ریسلنگ نہیں تھی۔انکی بیوی اوون کو اُس وقت سے جانتی تھی جب وہ اسکول کی طرف سے ریسلنگ مقابلوں میں حصہ لیتے تھے اور ان دونوں کی دوستی ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

1982 میں مارتھا سے اُنکی ملاقات محبت میں بدل گئی اور یکم جولائی 1989ء کو اُن دونوں نے شادی کر لی۔ مارتھا کے اوون سے 2بچے ہیں:بیٹااوجے ایڈورڈ ہارٹ اور بیٹی ا یتینا کرسٹی ہارٹ۔ اوون ہارٹ نے1983 ء میں اپنا ریسلنگ ڈبیو کیا تھا اوراُنکا قد 5فُٹ 10اِنچ اور وزن103 کلوگرام تھا۔وہ ایک بار یو ایس ڈبلیو اے یونیفائیڈ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن ، 2بار ڈبلیوڈبلیو ایف/ای انٹرکنٹینینٹل چیمپئین اور4 بار ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن کے علاوہ 1994 کے ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای کے کنگ آف دِی رِنگ بھی بنے۔

اوون کی جسمانی طاقت اور چُستی نے اُنھیں خاندانی ریسلر کی حیثیت کے علاوہ بھی شہرت بخشی اوراُنھیں نامور ریسلرز کے ساتھ پنجہ آزمائی کا موقع میسر رہا۔ اُنکا ایک مقابلہ ریسلر شان مائیکل کے ساتھ بہت یاد گار رہا ۔کیونکہ ٹائٹل بمقابلہ ٹائٹل تھا۔اوون کے پاس انٹرکونٹی نینٹل اور شان مائیکل کے پاس یورپین ٹائٹل تھا۔ شان مائیکل جیسے بڑے ریسلر کے خلاف رِنگ میں اوون ہارٹ نے بہترین کا رکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ داؤ بیچ کے ساتھ شان مائیکل کو ایک دفعہ تو اُس وقت شکست کے قریب کر دیا جب اوون نے اُسکے سر پر کک مار کر رِنگ میں گِرا دیا اور ابھی اوون چیت کرنے ہی والے تھے کہ اسوقت اچانک رِنگ میں ریسلراسٹون کولڈ نے داخل ہو کر اوون پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

درمیان میں ریفری حائل ہوا تو سٹون کولڈ نے ریفری کو پکڑکر اسکا سر رنگ میں مارا تو اوون نے اسٹون کولڈ کو مارنے کی کوشش کی جس پر وہ تو رِنگ سے باہر نکل گیا لیکن اس دوارن شان مائیکل نے دوبارہ کھڑے ہو کر اوون کو رِنگ میں پھینک کر چیت کرنے کی کوشش کی۔ پویلین میں اوون کے بھائی ریسلر بریٹ ہارٹ یہ نہ برداشت کر سکے اور وہ اندر سے بھاگ کر رِنگ میں داخل ہو ئے اور پھر شان مائیکل کو پکڑ کر اتنا مارا کہ انتظامیہ کو رِنگ میں داخل ہو کر شان مائیکل کو بچانا پڑا ۔

خصوصاً اُنکے ساتھی ریسلر ٹریپل ایچ اور خاتون ریسلر چائنہ نے شان مائیکل کو آکر وہاں سے نکلا اور رِنگ میں کھڑے تھے دونوں بھائی اوون ہارٹ اور بریٹ ہارٹ جنکے مقابلے کا اسوقت کوئی نہیں تھا۔ انتظامیہ نے مقابلہ متنازعہ قرار دے کر بغیر کسی نتیجہ کے ختم کردیا لیکن سٹوری لائن کے مطابق یاد گار بن گیا۔ مئی 23ِ ، 1999 ء کوریاست مسوری کے شہر کنساس میں اوون ہارٹ کا ایک مقابلہ رسیلر گوڈ فادر کے ساتھ اسٹوری لائن " اوور دِی ایج1999ء" میں رکھا گیا۔

جس میں اوون ہارٹ نے رِنگ میں چھت سے ایک رسی کے ساتھ لٹکتے ہوئے اُترنا تھا۔چند روز اُس کی ریہرسل بھی کی گئی اور وہ بہت جوش میں تھے کہ ڈرامائی انداز میں رِنگ میں آنا اُنکے مداحوں کیلئے ایک خطرناک کھیل اوردِلچسپ لمحہ ہو گا۔مقابلے کے دن جب اِنڈور سٹیڈیم " کیمپر ایرینا"تماشائیوں سے بھرا ہو اتھا تو اوون نے کمر کی بیلٹ میں پیچھے سے ٹرن بکل ڈال کر چھلانگ لگا دی اور اگلا لمحہ دلچسپ ہو نے کی بجائے اُس وقت خطرناک ثابت ہوا جب ٹرن بکل بیلٹ سے الگ ہو گیا اور اوون ہارٹ 78فٹ کی اُونچائی سے نیچے رِنگ میں آگرے اور شدید چوٹوں کے باعث اسی دن ہسپتال میں34 سال کی عمر میں اوون ہارٹ کا انتقال ہو گیا۔

اوون ہارٹ کی بیوی مارتھا ایک انسان دوست خاتون ہیں اور وہ اپنے خاوند کی اچانک موت سے بہت دِل برادشتہ ہو گئی تھیں۔اُنھوں نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ اوون کو اس قسم کا حیرت زدہ کام کرنے کا کوئی خاص شوق نہ تھا اُن دِنوں مشہور ریسلر اسٹنگ ایسے اسٹنٹ کر رہے تھے لہذا اوون نے بھی قدم بڑھا دیا۔اُنکے اوراوون کے خاندان نے اوون کی حادثاتی موٹ پر ڈبلیو ڈبلیو ای کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور حادثے کی اہم وجہ سامان کی خرابی خصوصاً ٹرن بکل کی کوالٹی کو زیر ِبحث لا یا گیا۔

مزید مضامین :