14اگست، پاکستان اور اُردوپوائنٹ کی سالگرہ کامبارک دن

14 August Pakistan Or Urdupoint Ki Salgirah Mubarak

کھیلوں کی خصوصی کوریج سے بیرون ملک پاکستانیوں کا اُردوپوائنٹ سے گہرہ رشتہ تما م کھیلوں کے الگ الگ سیکشن نے سپورٹس صفحہ کو چارچاندلگادئیے اُردو پوائنٹ کی8ویں سالگرہ کے موقع پر اعجاز وسیم باکھری کی خصوصی تحریر

جمعرات 14 اگست 2008

14 August Pakistan Or Urdupoint Ki Salgirah Mubarak
اعجازوسیم باکھری : 14اگست ہمارے پیارے وطن عزیز پاکستان کی آزادی کا دن ہے یہ دن ہر پاکستانی کیلئے خوشی کا دن ہے کیونکہ اس روز پاکستان کو طویل جدوجہد کے بعد آزادی کی نعمت ملی۔آج پاکستان کوآزاد ہوئے 61سال کا عرصہ بیت چکا ہے اور پاکستانی ابھی ترقی کے مراحل طے کررہا ہے ،بدقسمتی سے پاکستان کو مخلص لیڈر بہت کم ملے ورنہ آج پاکستان کاشمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا لیکن اس کے باوجود پاکستانی قوم نے اپنی مدد آپ کے تحت محنت کی اور دنیا میں نہ صرف اپنا مقام پیدا کیا بلکہ پاکستان کا بھی نام روشن کیا۔

پاکستان دنیا کا واحدایسا ملک ہے جہاں چاروں موسم اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آتے ہیں اور دنیا کاہر پھل پاکستان میں پایا جاتا ہے۔جہاں پاکستان زرعی لحاظ سے دنیامیں منفرد مقام رکھتا ہے و ہیں انسانی ہنرمندی میں بھی پاکستان ایک الگ پہچان کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان دنیاکاواحداسلامی ملک ہے جو ایٹمی قوت ہے اوریہ ملک باحوصلہ ،باصلاحیت اورہنرمند قوم کاملک ہے۔

جہاں پاکستان نے دوسرے شعبوں میں نام پیدا کیا وہیں کھیلوں کی دنیا میں بھی پاکستان نے لازوال کارنامے سرانجام دئیے ہیں۔پاکستان نے ہاکی میں چار ورلڈ کپ اورتین تین بار اولمپک گولڈمیڈل اور چیمپئنزٹرافی میں فاتح بننے کااعزازحاصل کیا جبکہ کرکٹ میں پاکستان نے1992کا عالمی کپ جیتنے کے علاوہ 1999ء کے ورلڈکپ کافائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

سکوائش کی دنیا میں پاکستانی سٹارز نے اپنی فتوحات کے جھنڈے گاڑھے اور بالخصوص جہانگیرخان اور جان شیر خان نے لازوال کامیابیاں حاصل کیں۔دیگر کھیلوں میں بھی پاکستان نے عمدہ کارکردگی پیش کی اور اسوقت پاکستان میں تمام کھیلوں کی فیڈریشنزموجود ہیں اورپاکستانی نوجوان کھیلوں میں گہری دلچسپی لیتے ہیں۔یہ نوجوان پاکستان میں ہوں یا پاکستان سے باہران کی کھیلوں سے وابستگی ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔

اُردوپوائنٹ پاکستان ہی نہیں دنیاکی سب سے بڑی اُردوکی ویب سائٹ ہے جس کے دنیابھر میں لاکھوں قارئین ہیں ان کی اکثریت نوجوانوں کی ہے جو وطن سے دور رہ کر اپنے ملک کے حالات سے باخبررہنے کیلئے اُردوپوائنٹ سے مستقل رشتہ جوڑ چکے ہیں۔اُردوپوائنٹ اپنے قارئین بالخصوص کھیلوں کے دلدادہ قارئین کیلئے تمام کھیلوں کو خصوصی کوریج دیتا ہے اور پاکستان کے تمام قومی سٹار ز کے انٹرویو زبھی قارئین اُردوپوائنٹ کیلئے پیش کیے جاتے ہیں۔

اُردوپوائنٹ دراصل بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ایک خصوصی ویب سائٹ ہے جس میں ہرلمحے بدلتی صورتحال کی خبریں اپ ڈیٹ ہوتی ہیں اور اسلام ،شاعری ، خواتین اور سیاست کے متعلق اُردوپوائنٹ کے درجنوں رائٹرز اپنے قارئین کو ہراہم ایشوسے باخبر رکھتے ہیں جو کہ اُردوپوائنٹ کی وجہ پہچان ہے۔مجھے اُردوپوائنٹ سے وابستہ ہوئے تین سال کا عرصہ بیت چکا ہے اور میرے کیرئیر کوسنوارنے میں اُردوپوائنٹ کے قارئین اور اُردوپوائنٹ کی ٹیم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اُردوپوائنٹ کی یہ خوبی ہے کہ اس کے قارئین انتہائی باشعور اور باخبر ہیں کہ اگر کسی مضمون میں کوئی غلطی ہوجائے یا میرے صبح آفس پہنچنے سے قبل ڈھیروں ای میلز اس غلطی کی نشاندہی کیلئے آچکی ہوتی ہیں۔اُردوپوائنٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں یہ اُردوکا سب سے بڑا آن لائن اخبار ہے جس میں ہرکھیل کا الگ سیکشن ہے اور اس میں مضامین ،انٹرویوز ،خبریں اور کھلاڑیوں کی پروفائل کے ساتھ ساتھ وسیع تر ریکاڈز موجود ہیں۔

اُردوپوائنٹ اب تک ورلڈکپ 2007ء سمیت ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ ،ایشیا کپ اور بیجنگ اولمپکس کیلئے الگ الگ سیکشن بنا چکا ہے۔اس کے علاوہ آئی سی ایل اور آئی پی ایل بھی اُردوپوائنٹ نے خصوصی سیکشن تیار کیے اور ہراس ایونٹ یا سیریز میں جہاں پاکستان کھیل رہا ہوتا ہے اپنے قارئین کیلئے خصوصی سیکشن تیار کیے جاتے ہیں جنہیں روزانہ ہزاروں پاکستانی وزٹ کرتے ہیں ۔

اُردوپوائنٹ کی یہ بھی اولیت حاصل ہے کہ اس میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا خصوصی سیکشن موجود ہیں اور اب تک ریسلنگ کے تمام بڑے پہلوانوں کے متعلق آپ کو مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں اور سال میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے تمام 12بڑے ایونٹس کی بھی خصوصی کوریج کی جاتی ہے۔اُردوپوائنٹ پاکستان کی ہاکی اور کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھی سب سے فیورٹ سائٹ ہے اور تمام قومی کھلاڑی بیرون ممالک دوروں میں اُردوپوائنٹ سے استفادہ کرتے ہیں اس لیے جب بھی کسی قومی سٹار سے اُردوپوائنٹ کے قارئین کیلئے انٹرویو کیلئے کہا گیا تو انہوں نے ہماری دعوت بخوشی قبول کی۔

آج سے تین سال پہلے اُردوپوائنٹ میں تمام کھیلوں کا ایک ہی سکیشن تھا لیکن قارئین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مدنظر رکھ کر ہم نے تمام کھیلوں کے الگ الگ سیکشن بنانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں سے متعلق تصاویر لگانے کا سلسلہ بھی شروع کیا جسے بے حد پسند کیا گیا اور اس کے علاوہ لوکل سطح پر ہونے والے کھیلوں کو بھی مناسب کوریج دی جاتی ہے۔ان میں کالجز اور یونیورسٹیوں کے سپورٹس ڈے کے حوالے سے خصوصی تصاویراور رپورٹس شائع کی جاتی ہیں۔

میرے خیال سے اُردوپوائنٹ کے شعبہ سپورٹس میں ابھی مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے جس کیلئے ہم کوشاں ہیں اور ہمارے ساتھ ساتھ آپ قارئین نے بھی اُردوپوائنٹ کے سپورٹس سیکشن کو مزید اچھابنانے میں بہت مدد کی جس کا ثبوت آپ کی روزانہ ڈھیروں میلز ہوتی ہیں جس میں آپ ہمیں ہماری غلطیوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اچھی اور نئی تجاویز دیتے ہیں جن پر کام ہوتا ہے اور سیکشن کے حسن میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

بہت سے قارئین کو شکایت تھی کہ انہیں اُردوپوائنٹ کا سپورٹس سیکشن پڑھنے میں دشواری ہوتی ہے جس پر ہماری ٹیم نے کام کرکے یہ شکایت بھی دور کردی ہے اور بہت سے قارئین نے بتایا کہ مضمون کے اختتام پر کالم نگار کے نام پیغام لکھنے کیلئے جگہ ختم کردی گئی ہے ،ایسا ہرگز نہیں ہے۔دراصل مضمون کے اختتام پر مختلف کمپنیوں کے اشتہارات لگے ہوئے ہیں ان کے نیچے کالم نگار کے نام پیغام کیلئے جگہ اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔

قارئین کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ چیمپئنزٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو مل چکی ہے اور بہت جلداُردوپوائنٹ اپنے قارئین کیلئے چیمپئنزٹرافی کا سپیشل سیکشن تیارکررہا ہے جہاں آپ کو میگاایونٹ کے بارے میں مکمل باخبر رکھا جائیگا۔آخر میں اُردوپوائنٹ کے تمام قارئین کو میری اور ہماری ٹیم کی جانب سے جشن آزادی اور اُردوپوائنٹ کی 8ویں سالگرہ بہت بہت مبار ک ہو۔

مزید مضامین :