موسمِ برسات اور پاکستان

پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز جولائی سے ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ اگست تک چلتا ہے پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں یکساں درجہ حرارت نہیں رہا ہے پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں زیادہ بارش اور برفباری ہوتی ہے

سمیرا ایم ایس دین پیر 14 ستمبر 2020

Mosaam e Barsaat Or Pakistan
بادلوں کی گرگراہٹ، چمکتی آسمانی بجلی، قوس و قزح کے رنگ، ہر سُو پھیلی ہریالی، سب دھلا دھلا سا، آتے جاتے بھاگتے لوگ، رنگ برنگی چھتریاں، گیلے روڈ، بھیگے پروں کے ساتھ درختوں پہ سُکڑ کے بیٹھے پرندے اور مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو لیے یہ ماحول موسم برسات کا پتا دیتا ہے۔
پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز جولائی سے ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ اگست تک چلتا ہے پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں یکساں درجہ حرارت نہیں رہا ہے پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں زیادہ بارش اور برفباری ہوتی ہے بنسبت جنوبی علاقوں کے جہاں بارشیں ہی بہت کم ہوتی ہیں خاص طور پر کراچی میں۔


اس سال کا موسم برسات مارکو ، ماہی یا ساگر ہو زور و شور سے برسا کئی سالوں کی تشنگی مٹا گیا لیکن اس کے نتیجے میں بہت ساری فصلیں بھی تباہ ہوئی اور انسانی ہلاکتیں بھی ہوئیں کراچی میں ہونے والی بارشوں کا 30 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا اس سال اگست میں ہونے والی بارشیں معمول سے 150 فیصد سے بھی زیادہ ہوئی بارشوں کے گذشتہ تین سلسلوں کے دوران 61 ملی میٹر سے زائد بارشیں ہوچکی ہیں جس سے اربن فلڈنگ کا بھی سامنا کرنا پڑامون سو ن ابھی ختم نہیں ہوا جبکہ ابھی مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں اب تک 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)


بارشوں سے شہر کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نیا ناظم آباد، گلشنِ حدید، گلستان جوہر، سرجانی ٹاؤن، کیماڑی، ملیر ندی کے قریب کے علاقے، کورنگی، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، ڈی ایچ اے، اورنگی ٹاوَن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلبرگ، بفرزون، اور لیاقت آباد وغیرہ شامل ہیں۔
 طوفانی بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج اور سندھ رینجرز کے اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے شہری انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں ایدھی، الخدمت اور چھپیا کے رضاکاروں نے بھی متاثرہ لوگوں کو کھانے پینے کا کچھ سامان فراہم کیا! کراچی کے کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں پر ابھی تک بارشوں کا پانی ہی نہیں نکل پایا ہے جن میں ڈی ایچ اے اور نیا ناظم آباد وغیرہ شامل ہیں۔


جہاں لوگ بارش سے لطف اندوز ہوئے وہیں بہت سے لوگوں کو کشت بھی اٹھانا پڑا جس میں گیلے روڈ پر پھسلنے سے ایکسیڈینٹ، مکانوں کی چھتیں گرنے سے لے کر کرنٹ لگنے کے واقعات شامل ہیں، نالوں اور گٹر ابل پڑنے کی تو کہانی ہی الگ، کہیں کہیں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی سننے میں آئے، تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش سے سائن بورڈ، کھمبے، درخت اور بل بورڈ گرنے کی وائرل ہوتی کئی ویڈیوز یقیناً آپ نے سوشل میڈیا پر دیکھی ہونگی سونے پہ سُہاگہ فیڈر ٹرپ کر جانے سے بجلی کی معطلی بھی کوفت کا باعث بنی اور تو اور موبائل نیٹ ورک بند ہونے، سو ئی گیس نہ آنے جیسے مسائل بھی جھیلنا پڑے۔


بے شک! بارش قدرت کی عظیم نشانیوں میں سے ایک ہے بارش کرّہ ارض پر رہنے والے تمام جانداروں کے لیے ضروری ہے کیونکہ پانی نہ صرف انسانی زندگی بلکہ چرند پرند، جانوروں اور پودوں کے لیے نہایت اہمیت کاحامل ہے بارش سے حاصل ہونے والے فوائد کا ذکر تو قرآن پاک میں بھی آیا ہے بارش سے نہ صرف گرمی کی شدت میں کمی آتی ہے، موسم خوشگوار ہوجاتا ہے بلکہ یہ کئی جراثیم کے خاتمے کا باعث بھی بنتی ہے اگر بارش نہ ہو تو جانداروں کے لیے زندگی بہت کٹھن ہو جائے۔


موسم برسات اکثریت کو پسند ہوتا ہے خاص طور پر بچوں کے لئے تو کھیل کا ایک ذریعہ بن جاتا ہے اور یہاں تو بارش ہوتے ہی بچے باہر موج مستی کرنے اور کھیلنے نکل جاتے ہیں، کچھ لوگ لانگ ڈرائیو کو ترجیح دیتے ہیں، کچھ اپنے گھروں کی چھتوں پر چائے، پکوڑے جیسے لوازمات کے ساتھ لطف اندوز ہوتے ہیں اور کچھ لوگ ساحل سمندر پر نکل جاتے ہیں۔
بارش کے موسم میں مختلف بیماریاں بھی پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس میں نزلہ، زکام، ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ڈینگی، ملیریا اور اسہال وغیرہ شامل ہیں اس سے بچنے کے لیے آپ کو چاہیے کہ لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھیں، کھانے پینے کی چیزوں کو ڈھانپ کر رکھیں، بازاری، روغنی چیزوں سے پرہیز کریں، سبزیوں، پھلوں کو اچھی طرح دھوکر استعمال کریں، سڑے ہوئے پھلوں اور گندے پانی سے مکمل پرہیز کریں۔


بارش کے موسم میں وٹامن-سی کا زیادہ استعمال کریں پھلوں میں کیلا، انناس، چیریز، کیوی، تربوز اور آم وغیرہ میں وٹامن -سی کثیر مقدار میں پائی جاتی ہے اور سبزیوں میں پالک، بروکلی، ٹماٹر، لیموں، گاجر، شملہ مرچ ، ہرا دھنیا ، اور آلو وغیرہ میں ہوتی ہے۔
بارش کے دوران گیلی دیواروں کو چھونے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں سے فاصلہ رکھیں، ایسی عمارتیں جوکہ بوسیدہ اور کچی ہیں ان سے دور رہیں، سوئچ بورڈ اور برقی آلات کے قریب کم سے کم جائیں، برساتی نالوں اور تالابوں میں ہرگز نہ نہائیں، نہ ہی نالوں میں کچرا پھینکیں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی آپ بارش کے موسم سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔


محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے اب حکومتی اداروں کو چاہیے کہ بارش آنے سے پہلے اس کے لئے موثر اقدامات کریں مناسب منصوبہ بندی کر کے اس وقت عوام کے جانی و مالی نقصانات جو ہو رہے ہیں اس سے بچا جاسکتا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Mosaam e Barsaat Or Pakistan is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 14 September 2020 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.